خاتون نے دیور کے ساتھ مل کر شوہر کو کلہاڑی کے وار سے قتل کر دیا

جمعہ 14 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع جالنا میں ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے دیور کے ساتھ ناجائز تعلقات کے باعث مل کر اپنے شوہر کو قتل کردیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت پرمیشور رام تیڈے کے نام سے ہوئی ہے جو سوم تھانہ گاؤں کا رہائشی تھا۔

لاش بوری میں بند ہو کر تالاب میں تیرتی ملی

جمعرات کی صبح ولا سوم تھانہ تالاب میں بوری میں بند ایک لاش تیرتی ہوئی ملی۔ اس وقت تک لاش کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر پنچ نامہ کیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔

یہ بھی پڑھیں: بیمہ کی رقم حاصل کرنے کے لیے ماں نے ’دوست‘ کے ہاتھوں جوان بیٹا قتل کروا دیا

بعد ازاں مقتول کے والد رام ناتھ کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

اہلیہ اور دیور کے تعلقات کا انکشاف

تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتول کی بیوی منیشا اور چھوٹے بھائی گیانیشور کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا۔ شروع میں دونوں ٹال مٹول کرتے رہے، تاہم سخت سوالات کے بعد دونوں نے قتل کا اعتراف کر لیا۔

اعترافِ جرم: شوہر راستے کی رکاوٹ تھا

پولیس کے مطابق منیشا اور گیانیشور کے درمیان ناجائز تعلقات تھے اور مقتول تیڈے ان کے لئے رکاوٹ بنا ہوا تھا۔ اسی وجہ سے دونوں نے اسے راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیے اترپردیش: شوہروں کا بیگمات کے ہاتھوں قتل، بیجا دوستیوں نے کئی گھر اجاڑ دیے

دونوں ملزمان نے تیڈے کے سر اور چہرے پر کلہاڑی سے وار کر کے اسے قتل کیا۔ قتل کے بعد لاش کو بوری میں ڈال کر رسی سے باندھا اور تالاب میں پھینک دیا۔ بوری کو ڈبونے کے لیے اس میں پتھر بھی بھرے گئے۔

پولیس نے منیشا اور گيانیشور کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp