حج فلائٹ آپریشن کا آغاز، پہلی 2 پروازیں حجاز مقدس روانہ

اتوار 21 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سے حج فلائٹ آپریشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ کراچی سے پی آئی اے کی پرواز 328  جبکہ سیرین ایئرلائن کی پرواز لاہور سے 279 عازمین حج کو لے کر حجاز مقدس روانہ ہوچکی ہیں۔

عازمین حج کے اس ابتدائی قافلے کی سعودی عرب روانگی سے قبل کراچی اور لاہور ایئر پورٹ پر سادہ مگر پُر وقار تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقاریب میں عازمین حج سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی گئی۔

اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 9 بج کر 15 منٹ پر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی۔

حج فلائٹ آپریشن کی تفصیل

پاکستان سے اس سال 81 ہزار 230 شہری فریضہ حج ادا کریں گے۔ حج فلائٹآپریشن کے دوران 42 ہزار 811 حجاج کرام مدینہ جب کہ مختلف پروازوں کے ذریعے 38 ہزار 419 حجاج کرام کو جدہ پہنچایا جائے گا۔

قومی ایئر لائن پی آئی اے 40 ہزار 700 جبکہ سعودی ایئر لائن 36 ہزار حجاج کرام کو سعودی عرب پہنچائیں گی۔

ایئر بلیو 2 ہزار 250 جبکہ سیرین ایئر لائن 2 ہزار 280 عازمین حج کو  حجاز مقدس پہنچائیں گی۔

لاہور سے 17 ہزار 629، کراچی سے 17 ہزار 630، اسلام آباد سے 26 ہزار 232، ملتان سے 6 ہزار 582، کوئٹہ سے 4 ہزار 50، سیالکوٹ سے 4 ہزار 484، فیصل آباد سے 3 ہزار 251، رحیم یار خان سے 468 اور سکھر سے 941 شہری اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔

ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق 315 خصوصی اور شیڈولڈ پروازوں کے ذریعہ 65 ہزار عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ پاکستان سے عازمین حج  کی آخری پرواز 20 جون کو روانہ ہوگی۔

عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں، روڑ ٹو مکہ منصوبے کے تحت امیگریشن کا عمل آسان ہو گا۔ روڑ ٹو مکہ منصوبے کے تحت 40 ہزار عازمین حج حجاز مقدس جائیں گے۔

ڈائریکٹر حج آپریشن کراچی محمد سجاد حیدر کے مطابق رواں برس حج کے لیے ’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ‘ غیرمعمولی سہولت فراہم پر شاندار منصوبہ ہے جس کے تحت امیگریشن کا مرحلہ پاکستان میں ہی مکمل کرلیا جاتا ہے۔

قبل از حج یہ فلائٹ آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp