وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر انتظامیہ نے گاڑیوں کے لیے ای ٹیگ اسٹیکرز کے اجرا کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق 18 نومبر سے مقررہ پوائنٹس پر ای ٹیگز جاری کیے جائیں گے، جبکہ اسلام آباد کی شاہراہوں پر چلنے والی ہر گاڑی، چاہے وہ اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہو یا دیگر صوبوں میں، کے لیے یہ اسٹیکر لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکا، 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہریوں کو ای ٹیگ پوائنٹس، طریقۂ کار اور ضروری دستاویزات کے بارے میں پیشگی آگاہ کیا جائے گا تاکہ انہیں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔
اہم اعلان:
وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں کے لیے ای ٹیگز کا اجراء 18 نومبر سے مقررہ پوائنٹس سے کیا جائے گا، اسلام آباد کی شاہراہوں پر چلنے والی ہر گاڑی (اسلام آباد بشمول دیگر صوبوں سے رجسٹرڈ) کے لیے ایم ٹیگ اسٹیکر لازمی ہوگا،شہریوں کو مقررہ پوائنٹس کے حوالے سے پیشگی آگاہ کیا جائے گا— DC Islamabad (@dcislamabad) November 14, 2025
یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل جی–11 ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر خودکش دھماکے نے وفاقی دارالحکومت کو ہلا کر رکھ دیا۔ حملے میں 12 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملے کا سہولت کار اور ہینڈلر گرفتار
دھماکے کے بعد دہشتگردوں کے ایک سیل کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں خودکش حملے کے 4 سہولت کار شامل ہیں۔
اسلام آباد میں حالیہ خودکش حملے کے بعد نہ صرف عدالتوں، سرکاری دفاتر اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے بلکہ داخلی راستوں، ناکوں اور شاہراہوں پر چیکنگ بھی سخت کر دی گئی ہے۔














