قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرفراز احمد اب پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیموں سے متعلق تمام امور کی نگرانی کریں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کی پینشن بحال کردی
ان کے کردار میں کوچز کی نگرانی، دوروں کا انتظام اور پاکستان میں ہونے والے تربیتی کیمپ اور سیریز کے دوران ٹیموں کے ساتھ رہنا شامل ہوگا۔ انہیں بیرونِ ملک ٹیموں کے ساتھ سفر کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے بین الاقوامی کیریئر میں 54 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 3 ہزار 31 رنز بنائے، جن میں چار سینچریاں اور 21 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
117 ون ڈے میچز میں انہوں نے 2 ہزار 315 رنز اسکور کیے، جس میں 2 سینچریاں اور 11 نصف سینچریاں شامل ہیں، جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل میں انہوں نے 61 میچز میں 818 رنز بنائے، جن میں 3 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
سرفراز احمد کی کپتانی کا ریکارڈ بھی شاندار ہے۔ انہوں نے 2017 چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کو فتح دلائی اور فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے ہرایا۔
مزید پڑھیں: سرفراز احمد کی ترقی، پاکستان کے مزید 5 کرکٹرز بھی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل
2019 کے ورلڈ کپ میں ان کی سربراہی میں ٹیم 9 میں سے 5 میج جیتی۔ جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل میں ان کی جیت کی شرح 78.37 فیصد رہی، جہاں انہوں نے 37 میچز میں سے 29 جیتے۔
38 سالہ سرفراز احمد نے آخری بار پاکستان کی نمائندگی 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں کی تھی۔














