خلا میں 9 ماہ تک زندہ رہنے والا موس واپس زمین پر پہنچ گیا

ہفتہ 22 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ موس (moss) کے سپورز نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) کے باہر 9 ماہ تک زندہ رہ کر واپس زمین پر پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں:چین کا تاریخی اعلان، پاکستانی خلا بازوں کی چینی خلائی مشن میں شمولیت اور تربیت کا اعلان

تحقیق کے مطابق واپس آنے کے بعد 80 فیصد سے زائد سپورز دوبارہ پھیلنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ یہ نتائج سائنسدانوں کے لیے حیران کن ہیں کیونکہ زیادہ تر جاندار خلاء کے خالی ماحول میں مختصر وقت بھی زندہ نہیں رہ سکتے۔

ہوکائیڈو یونیورسٹی کے پروفیسر ٹومومچی فوجیتا نے کہا کہ یہ تجربہ واضح ثبوت فراہم کرتا ہے کہ زمین پر موجود کچھ حیاتیاتی خلیات خلا کے سخت حالات میں بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔

ماضی میں خلائی تجربات میں زیادہ تر بڑے جاندار یا پودوں اور بیکٹیریا پر توجہ دی گئی تھی، لیکن یہ تحقیق چھوٹے اور سخت ماحول میں زندہ رہنے والے موس پر مرکوز تھی۔

 یہ بھی پڑھیں:ناسا کے معروف خلا باز بُچ وِلمور کے شاندار کیریئر کا اختتام، ریٹائرمنٹ لے لی

فوجیتا نے مزید کہا کہ یہ تجربہ مستقبل میں دیگر سیاروں پر زندگی کے امکانات اور ماحولیاتی نظام قائم کرنے کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کر سکتا ہے۔

تجربے سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ موس کے سپورز کی بقا کے امکانات زیادہ تھے، جب کہ سائنسدان ابتدائی طور پر تقریباً صفر بقا کی توقع کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ  ’سپورز‘  موس کے وہ چھوٹے ذرات ہیں جو پودے کی تولید کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ یہ عام بیج کی طرح نہیں ہوتے بلکہ ہلکے اور مضبوط ہوتے ہیں، ہوا یا پانی کے ذریعے پھیلتے ہیں اور نئے موس کے پودے اگاتے ہیں۔

سپورز سخت ماحول یا خلاء جیسے مشکل حالات میں بھی زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp