بھارت میں ایک عام سا سفر اس وقت غیر معمولی بن گیا جب ایک اوبر ڈرائیور نے بھوک سے نڈھال مسافر کے لیے راستے میں رک کر سینڈوچ خریدا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جس نے صارفین کے دل جیت لیے اور ان کی جانب سے ڈرائیور کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
بھارتی اداکارہ و ماڈل یوگِتا راتھوڑ نے واقعہ کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کے سب سے دل کو چھو لینے والے تجربات میں سے ایک قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’اوبر‘ کے بعد مقبول ترین رائیڈنگ سروس نے پاکستان میں کاروبار بند کردیا
ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے طویل دن کے بعد جب وہ ایئرپورٹ جانے کے لیے ٹیکسی میں بیٹھیں تو وہ تھکی ہوئی، جذباتی اور بےحد بھوکی تھیں۔ فون پر ایک دوست سے بات کرتے ہوئے وہ رو پڑیں اور بتایا کہ انہوں نے پورا دن کچھ نہیں کھایا۔ رات 2 بجے کی فلائٹ ہے میں کب کھانا کھاؤں گی۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید بتایا کہ سفر کے دوران ڈرائیور نے اچانک گاڑی روکی اور کہا میں دو منٹ میں آتا ہوں۔ یوگِتا کے مطابق انہوں نے سمجھا کہ شاید ڈرائیور کو واش روم جانا ہے، اس لیے انہوں نے کہا کہ ٹھیک ہے مگر جو کچھ اگلے لمحے ہوا وہ اُن کے تصور سے باہر تھا۔
ڈرائیور واپس آیا تو اس کے ہاتھ میں سینڈوچ کا ایک ڈبہ تھا۔ ویڈیو میں ڈرائیور کو کہتے سنا گیا کہ آپ اپنی دوست کو بتا رہی تھیں کہ آپ کو بہت بھوک لگی ہے، تو مجھے برا لگا۔ اگر میری بہن بھی بھوکی ہوتی تو مجھے برا لگتا اسی لیے میں کوئی دکان ڈھونڈ رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین اوبر ڈرائیورز اور سعودی عرب کا ویژن 2030 کیا ہے؟
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ خاص طور پر ویجیٹرین کھانا ڈھونڈنے گئے تھے کیونکہ انہوں نے فون پر سنا تھا کہ یوگِتا صرف ویجیٹرین کھانا چاہتی ہیں۔ ڈرائیور کے اس عمل نے اداکارہ کو بے حد متاثر کیا، اور انہوں نے کہا کہ وہ اس لمحے کو کبھی نہیں بھولیں گی۔
ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین اس پر مختلف تبصرے کرتے نظر آئے۔ کسی نے کہا کہ ’ایسے مرد ہمیں محفوظ محسوس کراتے ہیں‘، تو کوئی یہ کہتا نظرآیا کہ اس واقعہ نے انہیں رلا دیا۔ ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ مہربانی ہمیشہ ایسی جگہ سے آتی ہے جہاں سے آپ توقع بھی نہیں کرتے۔













