’آپ کا وژن چھوٹا ہوگا تو آپ کی زندگی بھی چھوٹی رہے گی‘، قائداعظم‘ کا انٹرویو وائرل

منگل 25 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح سے منسوب ایک منفرد ویڈیو انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، تاہم یہ واضح رہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والی شخصیت اور آواز مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے ذریعے تخلیق کی گئی ہے، اسے قائداعظم کا حقیقی انٹرویو قرار نہیں دیا جاسکتا۔

معروف یوٹیوبر ’طاہر ریویوز‘ کی جانب سے پیش کیے گئے پوڈکاسٹ میں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے قائداعظم کی شخصیت کو تخلیق کرکے موجودہ پاکستان، ملکی مسائل، قیادت، نوجوانوں اور قومی ترقی جیسے موضوعات پر خیالی گفتگو پیش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:من موہن سنگھ نے قائد اعظم کو گیند کیوں ماری؟

ویڈیو میں اے آئی سے تخلیق کردہ قائداعظم سے یہ سوال کیا گیا کہ اگر آج پاکستان کی قیادت ان کے ہاتھ میں ہوتی تو وہ سب سے پہلے کیا کرتے؟ جواب میں نظام کو درست کرنے، قانون کی بالادستی اور نظم و ضبط کو ترجیح دینے کی بات کی گئی۔

اے آئی سے تخلیق کردہ کردار کے مطابق پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں بلکہ نظم و ضبط کا فقدان ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اس میں کہا گیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف فوری کارروائی ہونی چاہیے۔

پوڈکاسٹ میں نوجوانوں کے مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔ اے آئی قائداعظم سے منسوب گفتگو میں کہا گیا کہ نوجوانوں کی کامیابی ان کے بہانوں سے بڑی ہونی چاہیے اور انہیں تعلیم، ہنر اور کردار سازی کے متوازن امتزاج کے ذریعے آگے بڑھنے کی رہنمائی دی جانی چاہیے۔

موجودہ سیاسی قیادت کے حوالے سے بھی اے آئی سے تخلیق کردہ قائداعظم کے خیالات پیش کیے گئے۔ ان کے مطابق قیادت کسی عہدے کا نام نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے اور جو شخص اس ذمہ داری کو نبھانے کے قابل نہ ہو، وہ قیادت کا مستحق نہیں۔

ویڈیو میں یہ پیغام بھی دیا گیا کہ قوم صرف تقریروں سے ترقی نہیں کرتی بلکہ محنت، نظم و ضبط اور عملی اقدامات سے آگے بڑھتی ہے۔ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، تاہم اسے حقیقت میں بدلنے کے لیے اجتماعی محنت ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:روئے زمین پر کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی، قائد اعظم کا تاریخی خطاب

آخر میں نوجوانوں کے لیے پیغام دیتے ہوئے اے آئی سے تخلیق کردہ قائداعظم کہتے ہیں کہ انسان کی زندگی اس کی اپنی ذمہ داری ہے، اس لیے اگر وژن چھوٹا ہوگا تو زندگی بھی محدود رہ جائے گی۔ نوجوانوں کو سیکھنے، محنت کرنے اور پاکستان کی طاقت بننے پر توجہ دینی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp