بھارت کی نجی ایئرلائن انڈیگو نے ملک بھر میں 6 روز تک جاری رہنے والی پروازوں کی منسوخی اور بے نظمی کے بعد 610 کروڑ روپے کے ریفنڈ مکمل کردیے، اور متاثرہ مسافروں کو قریباً 3 ہزار سامان کی اشیا واپس کر دیں۔
یہ بات اتوار کو بھارتی وزارتِ شہری ہوابازی کی جانب سے بتائی گئی۔
مزید پڑھیں: بھارت میں فضائی سفر مفلوج، انڈیگو کی ہزاروں پروازوں کی منسوخی سے افراتفری
انڈیگو جو روزانہ قریباً 2300 پروازیں چلاتی ہے اور بھارت کے اندرونی فضائی سفر میں 65 فیصد مارکیٹ شیئر رکھتی ہے، نے ہفتے کے روز 1500 پروازیں اور اتوار کو 1650 پروازیں چلائیں، جس کے نتیجے میں اس کے 138 میں سے 135 مقامات کے ساتھ فضائی روابط بحال ہو گئے۔
ایئرلائن کے سی ای او نے بتایا کہ انڈیگو کی آن ٹائم پرفارمنس 75 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہاکہ ابتدائی مرحلے میں پروازیں منسوخ کرنا اس لیے ضروری تھا تاکہ مسافروں کو غیر ضروری طور پر ایئرپورٹس کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انڈیگو کو توقع ہے کہ 10 دسمبر تک اس کا پورا نیٹ ورک مکمل طور پر مستحکم ہو جائے گا۔
ایک ہفتے تک جاری ملک گیر تاخیر اور منسوخیوں کے بعد انڈیگو نے اپنی سرگرمیوں کی بحالی کا مرحلہ وار عمل شروع کر دیا ہے۔
سی ای او نے گروگرام کے آپریشنز کنٹرول سینٹر سے جاری ایک اندرونی ویڈیو پیغام میں کہاکہ ہم قدم بہ قدم معمول کی طرف واپس آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں پائلٹس کو پروازوں کے درمیان 2 روزہ وقفہ دینے کا فیصلہ ملک کے فضائی نظام پر بھاری پڑ گیا۔
مزید پڑھیں: بھارت کی سب سے بڑی فضائی ایئرلائنز کی ہزاروں پروازیں منسوخ، ایئرپورٹس پر شدید بدنظمی
نئے قوانین کے نفاذ کے بعد سیکڑوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔













