چین نے گلگت بلتستان میں تعلیم کے فروغ اور طلبا کی معاونت کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے قراقرم یونیورسٹی کے طلبا کے لیے 40 لاکھ روپے مالیت کے ’ایمبیسیڈوریئل میرٹ کم نیڈ اسکالرشپس‘ کا اعلان کیا ہے۔
یہ اسکالرشپس قراقرم یونیورسٹی کی تمام کیمپسز کے مستحق اور باصلاحیت طلبا کو براہ راست فائدہ پہنچائیں گی، جس سے اعلیٰ تعلیم تک رسائی آسان ہوگی اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیے: اسکاٹ لینڈ: نیشنل اسپورٹس اسکالرشپ کا اعزاز پاکستانی نژاد کرکٹر نیما شیخ کے نام
اس اقدام سے نہ صرف گلگت بلتستان کے طلبا کے تعلیمی سفر میں سہولت پیدا ہوگی بلکہ خطے کی سماجی و معاشی ترقی میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے اس اقدام کا خیرمقدم کیا گیا ہے، چین کی جانب سے یہ معاونت پاک چین دوستی کے اس غیر متزلزل رشتے کا اظہار ہے جو باہمی ترقی اور اعتماد پر قائم ہے۔
اس طرح کی تعلیمی معاونت سے گلگت بلتستان کے باصلاحیت نوجوان معاشی رکاوٹوں کے باوجود آگے بڑھ سکیں گے۔ ساتھ ہی، یہ اقدام سی پیک کے ذریعے خطے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور استحکام، مواقع اور خوشحالی کے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔














