’لوگ آپ کا منہ بھی نوچ سکتے ہیں آپ کو ڈانٹنے کی جرأت کیسے ہوئی؟‘، بشریٰ انصاری مصطفیٰ کمال پر برس پڑیں

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے پمز میں پیش آنے والے واقعے پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اپنے بیان میں بشریٰ انصاری نے مصطفیٰ کمال کی جانب سے شہری کو تصویر بنوانے کے شوق کا طعنہ دینے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کسی شہری سے اس طرح بدسلوکی کیسے کی جا سکتی ہے؟ اپنے رویوں پر غور کریں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگ کسی ادارے کی ناقص کارکردگی یا مسائل کی شکایت کریں گے کیونکہ وہ پریشان ہیں۔ ان کے مطابق عوام کی شکایات سننے اور انہیں جواب دینے کے بجائے انہیں ڈانٹنا مناسب رویہ نہیں۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک اور شرمناک طرزِ عمل ہے، متعلقہ حکام کو اپنے رویوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ جس عہدے کی تنخواہ اور مراعات حاصل کی جا رہی ہیں اس کی ذمہ داریوں کو بھی سمجھنا چاہیے۔ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ آپ نے آگ لگا دی۔ آپ کے ماتحت ایک ادارہ ہے لوگ اس کی شکایت کریں گے۔ وہ پریشان ہیں آپ کا منہ بھی نوچ سکتے ہیں اور آپ ان کو ڈانٹ رہے ہیں، آپ کو ڈانٹنے کی اتنی جرأت کیسے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی طلاق کیوں ہوئی؟ بشریٰ انصاری کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ شہریوں کی شکایات تحمل سے سنیں، نہ کہ بزرگوں اور عام لوگوں کو ڈانٹیں یا ان کے ساتھ بدسلوکی کریں۔ بشریٰ انصاری نے زور دیا کہ عوامی مسائل اور شکایات سننا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے اور انہیں اپنے رویوں پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp