صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشتگرد حملے کی 11ویں برسی کے موقع پر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانی ہمیشہ قوم کے اجتماعی ضمیر میں زندہ رہے گی۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کی قربانی ہمیشہ یاد رہے گی
صدر مملکت آصف علی زرداری نے 16 دسمبر 2014 کے دلخراش سانحے کی 11ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج ہم آرمی پبلک اسکول کے اُن معصوم بچوں اور عملے کو یاد کر رہے ہیں جو دہشتگردی کا نشانہ بنے۔ ان کی قربانی اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم نے کتنی بھاری قیمت ادا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اُن خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے جو آج بھی یہ ناقابلِ بیان دکھ صبر اور وقار کے ساتھ برداشت کر رہے ہیں۔ اے پی ایس کے شہدا کے لواحقین نے اپنے غم کو پاکستان کے لیے قوت میں بدلا، جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم
صدر زرداری نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں، مالی معاونین اور پشت پناہی کرنے والوں کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں ہو سکتی۔ جو ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائیں یا معصوم بچوں کو نشانہ بنائیں، ان سے نہ مذاکرات ہو سکتے ہیں اور نہ ہی مفاہمت۔
بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی قابلِ مذمت ہے۔ ان دشمنانہ سرگرمیوں کے واضح اور دستاویزی شواہد موجود ہیں۔ پاکستان ان سازشوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اپنے عوام کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
دہشتگردوں کو دو ٹوک پیغام
صدر زرداری نے کہا کہ دہشتگرد چاہے کسی بھی سیاسی، نظریاتی یا خارجی لبادے میں آئیں، ریاست ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آشکار کرے گی اور معرکۂ حق میں انہیں شکستِ فاش دے گی۔
سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر مملکت نے سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس سروسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائیوں کی بدولت کئی بڑے سانحات کو روکا گیا۔ اے پی ایس کے شہداْ کی یاد ہمارے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے اور پاکستان امن کے دشمنوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
وزیر اعظم کا پیغام
وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ آج ہم سانحۂ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا، معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کو یاد کر رہے ہیں، جن کی قربانی ہمیشہ قومی ضمیر میں نقش رہے گی۔ ان کی شہادت ہمیں دہشت گردی کے خلاف اپنی اجتماعی ذمہ داری کا احساس دلاتی ہے۔
Today, we commemorate the martyrs of APS Peshawar tragedy – the innocent children, teachers and staff whose sacrifice is forever etched in our national conscience.
Their sacrifice remains a constant reminder of our collective responsibility to defeat terrorism.
The Pakistani…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) December 16, 2025
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد، ثابت قدم اور پرعزم ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل دے۔














