محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مغربی اور شمالی حصوں میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے امکانات ہیں۔
مزید پڑھیں: موسم سرما کی پہلی بارش، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی 19 اور 20 دسمبر کو بارش ہو سکتی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں شدید برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے چترال، دیر، سوات، پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں 19 دسمبر کو بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق 20 دسمبر کی رات سے 21 دسمبر کے دوران مری اور گلیات میں شدید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
اس دوران سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں بھی 20 اور 21 دسمبر کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: کیا اس سال پاکستان میں غیر معمولی سردی ہوگی؟ محکمہ موسمیات کا اہم بیان آگیا
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ موجود ہے۔














