وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کا ہاتھ پکڑنا ہم سب کا اجتماعی فرض ہے اور حکومتِ وقت کی ذمہ داری ہے کہ ان بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ خصوصی بچے ہمارے اپنے اور پوری قوم کے بچے ہیں، جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی بچوں کے ساتھ ’معرکہ حق‘ تقریبات میں شرکت، اتحاد و شمولیت کا پیغام
وزیراعظم نے اسلام آباد میں آٹزم سنٹر آف ایکسی لینس کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے لیے 15 کوچز فراہم کرنے کا اعلان کیا اور ہدایت کی کہ یہ منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بچہ کسی ایک صلاحیت سے محروم ہو تو اللہ تعالیٰ اسے کئی دوسری صلاحیتوں سے نوازتا ہے، جنہیں درست رہنمائی اور سہولتوں کے ذریعے نکھارا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کی طرف سے قائم ملک کے پہلے سرکاری آٹزم اسکول میں داخلے شروع
شہباز شریف نے خصوصی بچوں کی جانب سے پیش کی گئی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں نے جس محنت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا وہ لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت خصوصی بچوں کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی تاکہ وہ معاشرے کا باوقار اور فعال حصہ بن سکیں۔













