ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملائیشیا جانے والے 23 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
یہ مسافر پرواز نمبر D7-109 کے ذریعے ملائیشیا جا رہے تھے، جہاں وہ وہاں پہنچ کر روپوش ہونے والے تھے۔
ایف آئی اے کی امیگریشن پروفائلنگ کے دوران ان مسافروں کے پاس ناکافی رقم اور مطلوبہ بینک اسٹیٹمنٹس کی کمی سامنے آئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایئرپورٹس پر مسافروں کو آف لوڈ کرنے کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے بڑا حکم جاری کردیا
تحقیقات سے پتا چلا کہ یہ مسافر مختلف ایجنٹوں سے رابطے میں تھے اور وزٹ ویزے کے بہانے ملائیشیا میں غیر قانونی طور پر ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
مسافروں نے اعتراف کیا کہ وہ وزٹ ویزے پر ملائیشیا جا کر وہاں ملازمت حاصل کرنا چاہتے تھے۔
ان میں سے بیشتر کا تعلق کراچی، لوئردیر، مردان، سوات، باجوڑ، بنوں، گجرات اور پشاور کے مختلف علاقوں سے تھا۔
مزید پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے پر آف لوڈ ہونیوالا مسافر بالآخر سعودی عرب کیسے پہنچا؟
ایف آئی اے نے ان تمام مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا ہے۔
ایجنٹ محمد اویس کے ذریعے یہ گروپ ملائیشیا کا سفر کر رہا تھا، تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ ویزوں کا انتظام وسیم خان نامی شخص نے اسٹیفن نامی ایجنٹ کے ذریعے کروایا تھا اور تمام ادائیگیاں بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کی گئیں۔














