شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید

جمعہ 19 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ ناکام بنا کر چاروں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے 4 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خارجی دہشتگردوں نے کیمپ کے بیرونی سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کے مستعد اور پُرعزم ردعمل کے باعث ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔

مزید پڑھیں: بیرون ملک دہشتگردی سے متعلق افغان علما کا اعلامیہ: مولانا طاہر اشرفی کا خیرمقدم

بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے اپنی ناکامی کے بعد دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں دیوار منہدم ہو گئی اور قریبی شہری انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا، جس میں ایک مسجد بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دہشتگردی کے نتیجے میں مقامی آبادی کے گھروں کو نقصان پہنچا اور بچوں و خواتین سمیت 15 شہری شدید زخمی ہو گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے غیر متزلزل جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا اور چاروں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوگئے، جن میں حوالدار محمد وقاص، نائیک خانویز، سپاہی سفیان حیدر اور سپاہی رفعت شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دہشت گردی کا گھناؤنا واقعہ افغانستان میں موجود خوارج کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، جو افغان طالبان حکومت کے اس دعوے کے برعکس ہے کہ ان کی سرزمین سے ایسے دہشتگرد گروہ سرگرم نہیں۔

بیان کے مطابق پاکستان عبوری افغان حکومت سے توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور خوارج کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے، کیونکہ پاکستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات اور جانی نقصان کی پولیس رپورٹ جاری

آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خوارج اور ان کے سہولت کاروں و معاونین کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

میثاق جمہوریت کا مسودہ سامنے آئے گا تو دیکھیں گے، رانا ثنااللہ کا پی ٹی آئی کی پیشکش پر جواب

مئی کی جنگ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف فتح، انڈین آرمی چیف نے اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرلیا

بھارت اور امریکا کے درمیان تجارت اور اہم معدنیات پر بات چیت

اسلام آباد: جے یو آئی رہنما فرخ کھوکھر کی گرفتای و رہائی

ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو دھمکی پر روس کا سخت ردعمل سامنے آگیا

ویڈیو

ریاست سے ٹکر لینا مہنگا پڑگیا، سہیل آفریدی کو ناکوں چنے چبوا دیے گئے

ڈاکٹر مصدق ملک کا جنگلات کٹائی کے مقامات کا دورہ، ’درخت کاٹنے کے جرمانے میں اضافہ ہو گا‘

اسلام آباد گیس لیکج حادثہ، ‘میرا سب ختم ہوگیا، گھر واپس کیسے جائیں گے’

کالم / تجزیہ

امریکی یلغار: تصویر کے 3 رخ

وزیر اعلیٰ ہو تو سہیل آفریدی جیسا

ہیرا ایک ہی ہے