بنگلہ دیش میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے میمن سنگھ کے ضلع بھالوکا میں ایک ہندو نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں 10 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت 27 سالہ دیپو چندر داس کے نام سے ہوئی ہے، جو تشدد کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گیا۔ اس واقعے نے مقامی سطح پر شدید غم و غصہ پیدا کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیپال میں ’جنریشن زی‘ تحریک، بھارت کے خطے میں بالادستی کے عزائم بے نقاب
حکام کے مطابق گرفتاریاں ریپڈ ایکشن بٹالین (آر اے بی) اور بنگلہ دیش پولیس کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران عمل میں لائی گئی ہیں۔
آر اے بی نے 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں محمد لیمون سرکار، محمد طارق حسین، محمد منیک میا۔ ارشاد علی، نجم الدین، عالمگیر حسین، اور محمد میراج حسین اکون شامل ہیں۔
پولیس نے 3 دیگر افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں محمد اجمل حسن صاغر، محمد شاہین میا اور محمد نازمل شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں ہندو مخالف تشدد کی خبریں بھارتی پروپیگنڈا قرار
حکام نے بتایا کہ مشتبہ افراد کو مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات جاری ہیں اور حکام نے اس بات کو دہرایا ہے کہ اس کیس میں ذمہ داروں کے خلاف کاروائی یقینی بنائی جائے گی۔














