وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ممکنہ حکومت مخالف تحریک اگر الگ قسم کی ہوگی تو پھر انتظام بھی الگ قسم کا ہوگا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود اپنے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑا، ایک گروہ اگر افراتفری اور انارکی پھیلانے پر تلا ہوا ہے تو پھر کارروائی ہوگی۔
مزید پڑھیں: ’اسٹریٹ موومنٹ کے لیے تیاری کریں‘، عمران خان کی سزا کے بعد احتجاج کی کال
انہوں نے کہاکہ علیمہ خان وہی کہہ رہیں ہیں جو عمران خان کہتے ہیں، کیا اسلام آباد کا فتح ہو جانا ملک اور قوم کے مفاد میں ہے؟ یہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی گروہ آکر دارالحکومت پر قبضہ کرلے۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ ملک کے کسی گلی محلے میں بھی احتجاج نہیں ہوگا، اور کسی بھی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مجھے نہیں لگتا کہ پی ٹی آئی محمود اچکزئی کی ہدایات کی پاسداری کرےگی۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف مذاکرات کے خلاف نہیں ہیں لیکن انہیں عمران خان پر اعتماد نہیں، جبکہ اسٹیبلشمنٹ کو اس بات پر کوئی اعتراض نہیں کہ سیاستدان آپس میں مل بیٹھ کر مذاکرات کریں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو ہدایت دی ہے کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کی جائے۔
عمران خان کے سہیل آفریدی کو دیے گئے پیغام پر عملدرآمد کی طرف جا رہے ہیں، شفیع جان
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جو پیغام سہیل آفریدی کو دیا اس پر عملدرآمد کی طرف جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جب بھی تحریک کی کال دی جائےگی تو لاکھوں لوگ اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، یہ کچھ لوگوں کی غلط فہمی ہے کہ لوگ نہیں نکل رہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان نے سہیل آفریدی کو جو پیغام دیا اس پر عملدرآمد کی طرف جا رہے ہیں، پی ٹی آئی کا اعلان
انہوں نے کہاکہ حکومت مخالف تحریک کے لیے عوام کو متحرک کیا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جلسے کررہے ہیں، اور بڑی تعداد میں لوگ انہیں سننے کے لیے آتے ہیں۔
شفیع جان نے کہاکہ تحریک کے حوالے سے تمام تر ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کے پاس ہے، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے، پی ٹی آئی اس پر عمل کرےگی۔














