وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کرلیے گئے، اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ سیاسی مذاکرات کی آڑ میں کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ اجلاس: قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اداروں کو ختم کرنے کے لیے سفارشات پیش
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان ملکی ترقی وخوشحالی اور سیاسی ہم آہنگی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے پرامن مذاکرات کے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو متعدد بار مذاکرات کی پیشکش کی جا چکی ہے، سیاسی مذاکرات کی آڑ میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کر نے کی کسی مذموم کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ پی آئی اے کی شفاف، مستند اور قابل اعتبار نجکاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے پوری قوم کو انڈر 19 کرکٹ چیمپیین شپ جیتنے پر مبارک باد دی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر آف گرڈ پاور پلانٹس لیوی ایکٹ 2025 کی توسیع تیسرے فریق کی جانب سے کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت پر بھی کرنے کی منظوری دے دی۔
پبلک ٹینڈرنگ اور پروکیورمنٹ کے تمام مراحل کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وفاقی کابینہ نے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس PPRA Ordinance) 2002) میں ترامیم کی اصولی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ نے نیشنل یونیورسٹی فار سیکیورٹی سائنسز اسلام اباد 2025 کے بل کی تنسیخ کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرز بلز اور دیگر قانون سازی کے لیے مؤثر انداز میں مشاورت کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
وفاقی کابینہ نے نیشنل کینبیز کنٹرول اینڈ ریگولیٹری پالیسی National) Cannabis Control and Regulatory Policy) 2025 کی منظوری دے دی۔ اس پالیسی کا مقصد ملک میں فارماسوٹیکل اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں نباتاتی پودوں کے استعمال کا فروغ ہے۔
وفاقی کا بینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرینس نظام کی منظوری دے دی۔ اس نظام کا مقصد بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ایک شفاف اور محفوظ نظام کے تحت انکے ویزے کے حصول کو آسان بنانا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ملتوی
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 20 اکتوبر، 2025 5 نومبر 2025 اور 21 نومبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 18 دسمبر 2025 کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔













