سعودی عرب نے ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے میدان میں ایک نیا عالمی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دنیا میں سب سے بڑے موسمی بیج ذخیرے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے جو مملکت کے ماحولیاتی تحفظ اور پائیداری کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ کامیابی نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیولپمنٹ اینڈ کومبیٹنگ ڈیزرٹیفکیشن کی ایک سالہ مسلسل اور بھرپور کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس دوران تربیت یافتہ اور ماہر فیلڈ ٹیموں نے مملکت کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے مقامی جنگلی پودوں کے بیج جمع کیے، جنہیں زمین کی بحالی اور ماحولیاتی استحکام کے منصوبوں میں استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: ڈیجیٹل گورننس میں نئی مثال، سعودی عرب نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا
ان فیلڈ ٹیموں نے مقامی جنگلی پودوں کی 31 اقسام کے بیج کامیابی سے جمع کیے۔ بیجوں کو ذخیرہ کرنے سے قبل جدید طریقوں کے تحت صفائی اور تطہیر کے مراحل سے گزارا گیا تاکہ مٹی، فاضل اجزا اور دیگر آلودگیوں کو مکمل طور پر دور کیا جا سکے۔ بعد ازاں ان بیجوں کو عالمی معیار کے مطابق مخصوص گوداموں میں محفوظ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 95 ٹن سے زائد چراگاہی اور جنگلی پودوں کے بیج ذخیرہ کیے گئے، جو صحرا زدگی کے خاتمے اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: نیوم نیچر ریزرو: سعودی عرب میں حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی بحالی کی نئی حکمتِ عملی
یہ کامیابی سعودی وژن 2030 کے ان اہداف سے ہم آہنگ ہے، جن کا مقصد ماحولیات کا تحفظ، قدرتی وسائل کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی لانا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اس سے قبل بھی قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر متعدد ماحولیاتی کامیابیاں حاصل کر چکا ہے، جو پائیدار ترقی کے لیے مملکت کی سنجیدہ کاوشوں کی عکاس ہیں۔













