پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے یو کے چیپٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سے ایک ایسی پوسٹ ہٹا دی ہے جس میں بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ہونے والے احتجاج کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے خلاف اشتعال انگیز ریمارکس پر مبنی ویڈیو شامل تھی۔
ایکس پر جاری ایک وضاحتی بیان میں پی ٹی آئی یو کے نے واضح کیا کہ جماعت کسی بھی غیر قانونی عمل کی حمایت نہیں کرتی اور ‘آزاد شہریوں’ کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی غلط فہمی سے بچنے کے لیے اپنے الفاظ میں احتیاط برتیں۔
یہ بھی پڑھیے: بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاج کے دوران دھمکیاں، پاکستان کا برطانیہ کو ڈیمارش جاری
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب ایک روز قبل دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بتایا تھا کہ برطانیہ میں پاکستان کے قائم مقام ہیڈ آف مشن میٹ کینل کو پی ٹی آئی کے بیرونِ ملک منعقدہ ایونٹ کے حوالے سے باقاعدہ سفارتی احتجاج (ڈیمارش) دیا گیا ہے۔
اپلوڈ کی گئی ویڈیو میں ایک خاتون مقرر کو فوجی قیادت کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز اور تشدد آمیز اشاروں پر مبنی بیان دیتے سنا جا سکتا تھا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے خلاف کار بم حملے جیسی دھمکی دی گئی تھی۔
We have removed a video from the recent Bradford protest featuring a citizen’s metaphorical remarks regarding General Asim Munir. Although we do not believe the individual incited violence, the post was deleted in an abundance of caution to prevent potential misunderstanding, and… pic.twitter.com/f9tOJdk6X5
— PTI UK (@UKPTIOfficial) December 26, 2025
ہفتے کی صبح ایکس پر جاری بیان میں پی ٹی آئی یو کے نے کہا کہ بریڈفورڈ احتجاج کی ایک ویڈیو، جس میں ایک شہری کے مبینہ استعاراتی ریمارکس شامل تھے، احتیاطاً ہٹا دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق ‘اگرچہ ہمارا خیال نہیں کہ متعلقہ فرد نے تشدد پر اکسانے کی نیت سے بات کی، تاہم کسی بھی ممکنہ غلط فہمی سے بچنے اور فرد کے قانونی تحفظ کے پیشِ نظر یہ ویڈیو ہٹا دی گئی ہے۔’
یہ بھی پڑھیے: دوست ممالک قابل احترام لیکن برطانیہ کو بالکل درست اور بروقت ڈی مارش کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
پی ٹی آئی یو کے نے مزید کہا کہ عمران خان اور بشریٰ خان کی طویل تنہائی اور مبینہ غیر انسانی جیل حالات کے باعث عوامی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس پر اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے تشدد نے بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ جماعت کے مطابق ان کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے خدشات حقیقی ہیں اور یہ صورتحال اہلِ خانہ، پارٹی کارکنان اور دنیا بھر کے حامیوں کے لیے شدید اضطراب کا باعث ہے۔
آخر میں پی ٹی آئی یو کے نے کہا کہ جماعت عمران خان کی ہدایات کے مطابق عدم تشدد اور قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔














