نومنتخب میئر نیویارک ظہران ممدانی یکم جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے، تیاریاں جاری

منگل 30 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے شہر نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کی حلف برداری کی تقریب یکم جنوری کو منعقد ہوگی، اور وہ اسی روز اپنے حامیوں کے ساتھ جشن بھی منائیں گے۔

مزید پڑھیں: نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کرائے کے گھر سے گریسی مینشن کیوں منتقل ہوں گے؟

ظہران ممدانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نیویارک کے شہریوں کی جانب سے ملنے والے ردعمل نے انہیں حوصلہ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ سب کی مشترکہ کامیابی ہے، یہ ان کی انتظامیہ نہیں بلکہ عوام کی انتظامیہ ہوگی اور اسی طرح یہ ان کی نہیں بلکہ سب کی حلف برداری ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیویارک سٹی ہال میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں قریباً 4 ہزار ٹکٹ یافتہ مہمان شریک ہوں گے۔

حلف برداری کی اس تقریب کے ساتھ براڈوے پر ’بلاک پارٹی آن براڈوے‘ کے نام سے عوامی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جو کینین آف ہیروز کے مقام پر ہوگی۔

واضح رہے کہ ظہران ممدانی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود نیویارک کے میئر کا الیکشن جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: نیویارک میئر کی تنخواہ کتنی؟ ظہران ممدانی کی آمدنی نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن سے قبل کہا تھا کہ اگر عوام نے ظہران ممدانی کو جتوایا تو وہ ان کے ساتھ مالی تعاون نہیں کریں گے، لیکن ظہران ممدانی کی جیت کے بعد انہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا تھا کہ نیویارک کی ترقی کے لیے نومنتخب میئر سے تعاون کیا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp