اسلام آباد ٹریفک پولیس نے نئے سال کی خوشیوں کے پیشِ نظر نیو ایئر نائٹ کے دوران ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ شہر میں شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ 350 سے زائد افسران سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تعینات ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی کارروائی، دہرے قتل کا مجرم گرفتار
نیو ایئر نائٹ کی تقریبات کے باعث ایکسپریس ہائی وے، جناح ایونیو، سری نگر ہائی وے، کلب روڈ، مری روڈ اور پارک روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہوگا۔ جناح ایونیو فلائی اوور، زیروپوائنٹ، کھنہ اور پی ڈبلیو ڈی انڈرپاس پر بھی ٹریفک بڑھنے کا امکان ہے۔

ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ روکنے کے لیے 8 خصوصی سکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں۔ والدین سے درخواست ہے کہ وہ بچوں کو ان سرگرمیوں سے روکیں۔ کار سکٹنگ اور ریش ڈرائیونگ پر سخت کارروائی ہوگی۔
تفریحی مقامات پر بھی ٹریفک کے خصوصی دستے تعینات ہوں گے اور 7 بجے سے رات 3 بجے تک شہری متبادل راستے استعمال کرسکیں گے۔ سڑکوں پر کسی کو گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:شاہین چوک انڈر پاس کی تعمیر، اسلام آباد پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا
شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ نئے سال کی خوشیاں مناتے ہوئے ٹریفک قوانین کا احترام کریں۔ مزید معلومات کے لیے شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔













