بنگلہ دیش کی سابقہ وزیر اعظم اور بی این پی کی سربراہ بیگم خالده ضیا کی آخری رسومات کے موقع پر ڈھاکہ میں ایک غیر معمولی اور علامتی سفارتی منظر دیکھنے میں آیا، جہاں پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے درمیان مختصر مگر اہم ملاقات ہوئی۔ مئی میں پاک بھارت کشیدگی اور جنگ جیسے حالات کے بعد یہ دونوں ممالک کے اعلیٰ نمائندوں کے درمیان پہلا براہِ راست اور اعلیٰ سطحی رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، بنگلہ دیش کی سیاست کا ایک دور ختم
بنگلہ دیش کی سابقہ وزیر اعظم بیگم خالده ضیا کے انتقال پر جنوبی ایشیا کے کئی ممالک نے اعلیٰ سطحی نمائندے ڈھاکہ بھیجے۔ بھارت کی جانب سے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر جبکہ پاکستان کی نمائندگی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کی۔ دونوں رہنماؤں کی آمد نے نہ صرف بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا بلکہ خطے میں سفارتی حلقوں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کرائی۔
Picture from Dhaka: Pakistan National Assembly Speaker Sardar Ayaz Sadiq meets Indian External Affairs Minister Dr S Jaishankar pic.twitter.com/VKBgmqgkaB
— Shalinder Wangu (@Wangu_News18) December 31, 2025
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر بدھ کی صبح خصوصی طیارے کے ذریعے ڈھاکہ پہنچے، جہاں انہیں بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ اور بھارتی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ دوسری جانب پاکستان ہائی کمیشن نے تصدیق کی کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی تقریباً اسی وقت ڈھاکہ پہنچے اور ان کا استقبال پاکستان ہائی کمشنر اور بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے سینیئر حکام نے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک افغان تناؤ، جے شنکر کے بیان سے امید باندھیں؟
بیگم خالده ضیا کے گھر اور بعد ازاں جنازے کے موقع پر سردار ایاز صادق اور ڈاکٹر جے شنکر کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور رسمی خیرسگالی کا تبادلہ کیا۔ سفارتی مبصرین کے مطابق اگرچہ ملاقات مختصر تھی، تاہم اس کی علامتی اہمیت غیر معمولی ہے کیونکہ یہ مئی میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ ہے۔
#Pakistan's Speaker of the National Assembly Sardar @AyazSadiq122 meets Tariq Rehman, son of Begum Khaleda Zia and her Daughter in Dhaka — Expresses Condolences on the sad demise. https://t.co/FxjERRjCpN pic.twitter.com/DcXCivBcsG
— Anas Mallick (@AnasMallick) December 31, 2025
پاکستان کی جانب سے یہ واضح کیا گیا کہ سردار ایاز صادق کا دورہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا گیا، جس کا مقصد بیگم خالده ضیا کے جمہوری کردار اور بنگلہ دیشی سیاست میں ان کی دہائیوں پر محیط خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اس نمائندگی کی تصدیق کی۔
بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بھارت کی حکومت اور عوام کی جانب سے بیگم خالده ضیا کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے سیاسی کردار کو سراہا۔ بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر جے شنکر نے جنازے سے قبل خالده ضیا کے خاندان سے بھی ملاقات کی۔
ڈھاکہ میں اس موقع پر نیپال، بھوٹان، مالدیپ اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے اعلیٰ نمائندے بھی موجود تھے، جس سے بیگم خالده ضیا کی علاقائی اہمیت اور اثر و رسوخ کا اندازہ ہوتا ہے۔ تاہم تمام تر توجہ پاکستان اور بھارت کے نمائندوں کی ملاقات پر مرکوز رہی، جسے خطے میں مستقبل کے سفارتی امکانات کے تناظر میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سال 2025 میں پاکستان کی سفارتی کامیابیاں، پاک بھارت تصادم سے پہلے اور بعد کا پاکستان مختلف کیسے؟
یاد رہے کہ بیگم خالده ضیا ڈھاکہ کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں 80 برس کی عمر میں منگل کی صبح ان کا انتقال ہوا۔ وہ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور مسلم دنیا کی نمایاں خاتون رہنماؤں میں شمار ہوتی تھیں، اور 3 مرتبہ ملک کی وزیر اعظم رہ چکی تھیں۔ ان کی وفات پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات موصول ہوئے اور ڈھاکہ میں ان کی آخری رسومات ایک بڑے ریاستی اور بین الاقوامی اجتماع کی صورت اختیار کر گئیں۔













