صدر وینزویلا مادورو کے بعد ٹرمپ کا اگلا عسکری قدم کیا ہوگا؟

پیر 5 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو کی گرفتاری کے بعد عالمی سطح پر یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اگلا عسکری ہدف کون ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وینزویلا پر امریکی حملے کے بعد پہلا پیر، تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی یا اضافہ؟

ہفتے کو وینزویلا میں ہونے والی بڑے پیمانے کی امریکی فوجی کارروائی کے بعد خطے میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

میڈورو کو امریکا کی ایک عدالت میں پیش کیا جارہا ہے جہاں ان پر نارکو دہشتگردی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

امریکی استغاثہ کے مطابق میڈورو پر الزام ہے کہ انہوں نے بڑے منشیات کارٹلز، جن میں سینالوا کارٹیل اور ٹرین ڈی اراگوا گینگ شامل ہیں، کی معاونت کی۔ علاوہ ازیں ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے منشیات کی اسمگلنگ کے راستوں کی نگرانی کی اور صدارتی سہولیات کو منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے دیا۔

امریکی حکام کے مطابق اس کامیاب فوجی کارروائی کے بعد صدر ٹرمپ کے بیانات مزید جارحانہ ہو گئے ہیں اور انہوں نے دیگر ممالک کے خلاف بھی سخت اقدامات کے اشارے دیے ہیں۔

کیوبا، گرنے کے قریب

ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کیوبا کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیے: وینزویلا پر دوسرا امریکی حملہ ممکن ہے، صدر ٹرمپ کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ کیوبا کو آمدن کا بڑا ذریعہ وینزویلا کا تیل تھا جو اب بند ہو چکا ہے اور ملک گرنے کے قریب ہے۔

امریکی فوجی کارروائی کے دوران متعدد کیوبن شہریوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

کولمبیا کو وارننگ

کولمبیا کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ملک ایک ایسے شخص کے زیرِ اقتدار ہے جو منشیات کی پیداوار اور فروخت میں ملوث ہے۔

انہوں نے بالواسطہ طور پر صدر گوستاوو پیٹرو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ عرصہ اقتدار میں نہیں رہیں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا اس کا مطلب کولمبیا کے خلاف امریکی کارروائی ہے تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ یہ خیال مجھے اچھا لگتا ہے۔

اس بیان پر کولمبیا کے صدر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے خلاف الزامات لگانا بند کریں۔

گرین لینڈ پر نظر

صدر ٹرمپ ایک بار پھر گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے نظر آئے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کو دفاعی ضروریات کے لیے گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔

گرین لینڈ کی اسٹریٹجک اہمیت، معدنی وسائل اور جغرافیائی محل وقوع کو دیکھتے ہوئے ٹرمپ ماضی میں بھی اس علاقے کو امریکا میں شامل کرنے کی بات کر چکے ہیں۔

ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن نے ان بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو ڈینش خودمختار علاقے پر کسی قسم کا حق حاصل نہیں۔

وینزویلا پر مزید دباؤ

صدر ٹرمپ نے وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسے رودریگز کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے امریکی مطالبات پر عمل نہ کیا تو انہیں میڈورو سے بھی بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔

میڈورو کی گرفتاری کے بعد ڈیلسے رودریگز پیر کو صدر کا حلف اٹھانے والی ہیں۔

مزید پڑھیے: امریکی کارروائی میں گرفتار وینزویلا کے صدر مادورو نیویارک جیل منتقل

ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ عبوری دور میں امریکا وینزویلا کے معاملات سنبھالے گا اور تیل کی پیداوار بحال کرے گا جبکہ نئی قیادت سے مکمل تعاون کا مطالبہ کیا۔

میکسیکو میں امریکی فوج؟

صدر ٹرمپ نے میکسیکو میں بھی امریکی فوج تعینات کرنے کے امکان کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ منشیات کارٹلز اتنے طاقتور ہو چکے ہیں کہ میکسیکو اکیلا ان کا مقابلہ نہیں کر سکتا اگرچہ انہوں نے میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام کی شخصیت کی تعریف بھی کی۔

عالمی ردعمل

وینزویلا میں امریکی حملوں پر برازیل، چلی، کولمبیا، میکسیکو، یوراگوئے اور اسپین سمیت کئی ممالک نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں، خصوصاً طاقت کے استعمال کی ممانعت، کی خلاف ورزی ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرناک مثال قائم کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: وائٹ ہاؤس کے لیے سنگِ مرمر کی خریداری اور وینزویلا پر حملہ، ٹرمپ کی چھٹی کیسے گزری؟

صدر ٹرمپ کے سخت بیانات کے بعد یہ سوال برقرار ہے کہ آیا امریکہ واقعی ان دھمکیوں پر عمل کرے گا یا ان ممالک کو دباؤ کے ذریعے اپنی پالیسیوں پر جھکنے پر مجبور کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پاکستان کے لیے براہِ راست پروازیں کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا

  خواتین اور بچوں کی نازیبا تصاویر، گروک کے خلاف دنیا بھر میں تحقیقات کا مطالبہ

سابق این سی پی رہنما میر ارشد الحق کی بی این پی میں شمولیت

سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹوکنائزیشن، وزیر خزانہ کی عالمی وفد سے ملاقات

کرکٹ بورڈ کو الٹی میٹم دینے کی بھارتی خبریں غلط اور غیر مستند ہیں، بنگلادیش

ویڈیو

کراچی میں منفرد  ڈاگ شو کا انعقاد

جعلی مقدمات قائم کرنے سے لوگ ہیرو بن جاتے ہیں، میاں داؤد ایڈووکیٹ

عمران خان نے کہا تھا کہ ’فوج میری ہے اور میں فوج کا ہوں‘، شاندانہ گلزار

کالم / تجزیہ

امریکا تیل نہیں ایران اور چین کے پیچھے وینزویلا پہنچا

وینزویلا کی’فتح‘ کے بعد، دنیا کا نقشہ کیا بنے گا؟

منو بھائی کیوں یاد آئے؟