آسٹریلین اوپن 2026 کے منتظمین نے انعامی رقم میں ریکارڈ اضافے کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت اس سال ٹورنامنٹ کی مجموعی پرائز منی میں 16 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ سے محبت کرنے والے ملک کا ’اکلوتا ٹینس اسٹار‘ اعصام الحق کا پروفیشنل سفر ختم
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سال کے پہلے گرینڈ سلیم کے فاتحین کو اب تک کی سب سے زیادہ انعامی رقم دی جائے گی۔
ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق مجموعی انعامی رقم 2025 کے 96.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں بڑھا کر 111.5 ملین ڈالر کر دی گئی ہے۔
مردوں اور خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فاتحین کو علیحدہ علیحدہ 4.15 ملین ڈالر ملیں گے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ مرکزی ڈرا کے پہلے راؤنڈ میں شکست کھانے والے کھلاڑیوں کو بھی 150 ہزار ڈالر دیے جائیں گے جبکہ کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے مرحلے میں ہارنے والے کھلاڑیوں کو 40,500 ڈالر کی رقم ملے گی۔
مزید پڑھیے: معروف پاکستانی ٹینس اسٹار کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
ٹینس آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کریگ ٹائلی نے کہا کہ انعامی رقم میں یہ اضافہ ہر سطح پر ٹینس کھلاڑیوں کے کیریئر کی حمایت کے عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سنہ 2023 کے بعد کوالیفائنگ انعامی رقم میں 55 فیصد اضافہ اور دیگر سہولیات کے ذریعے ہم پیشہ ور ٹینس کو سب کے لیے پائیدار بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین اوپن میں انعامی رقم میں یہ اضافہ ٹینس آسٹریلیا کی جانب سے پورے سمر آف ٹینس کے دوران 135 ملین ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں: ٹینس اسٹار طلحہ وحید نے سروسز کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
کریگ ٹائلی کے مطابق یہ سرمایہ کاری ٹینس کی بنیاد کو مضبوط بناتی ہے جس سے کھیل کی طویل المدتی صحت اور تجارتی ترقی یقینی بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سطحوں پر کھلاڑیوں کی حمایت سے ہم شائقین کے لیے مزید دلچسپ مقابلے اور مضبوط ٹیلنٹ پول تشکیل دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ٹینس کے عظیم کھلاڑی نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن سیمی فائنل میں ریٹائرمنٹ لے لی
واضح رہے کہ ٹینس کے عظیم الشان مقابلے آسٹریلین اوپن 2026 کا آغاز 18 جنوری سے میلبرن میں ہوگا۔ فائنل یکم فروری کو ہوگا۔














