وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے کراچی پورٹ پر پاکستان کے پہلے فیری ٹرمینل کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فیری ٹرمینل کا قیام وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اسٹریٹجک رہنمائی کے عین مطابق ہے، جسے میری ٹائم وژن کے تحت عملی شکل دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کابینہ نے پاکستان اور عمان کے درمیان مسافر اور کارگو فیری سروس کی منظوری دیدی
انہوں نے فیری ٹرمینل کے آغاز کو بلیو اکانومی کی صلاحیتوں سے مؤثر استفادہ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فیری ٹرمینل نہ صرف سمندری سیاحت کے نئے مواقع پیدا کرے گا بلکہ بندرگاہی سرگرمیوں کو روایتی کارگو ہینڈلنگ سے آگے بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
Karachi port makes waves with first ferry terminal
Read the full story at https://t.co/g3EjJPBPJs
For the latest updates, follow our WhatsApp Channel 👉https://t.co/0ikF0z1g8H#Economy #BlueEconomy #Maritime pic.twitter.com/Qggyqogmc9
— Mettis Global (@MettisGlobal) January 8, 2026
انہوں نے زور دیا کہ یہ منصوبہ وزارتِ بحری امور کی اسٹریٹجک ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے، جن میں علاقائی رابطہ کاری کا فروغ، مسافروں کی آمد و رفت میں سہولت اور سمندری راستوں کے ذریعے مذہبی سیاحت کو تقویت دینا شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 1976 میں تاریخی سفینۂ عرب سروس کے خاتمے کے بعد یہ منصوبہ پاکستان میں سمندری مسافر سروسز کی بحالی کی ایک اہم علامت ہے۔
مزید پڑھیں: گوادر سے خلیجی ممالک کے لیے فیری سروس چلانے کا فیصلہ
ان کے مطابق فیری ٹرمینل ایک وقت میں 200 سے 250 مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور سمندری راستوں کے ذریعے پائیدار اور کم لاگت ٹرانسپورٹ کے فروغ کے قومی وژن سے ہم آہنگ ہے۔
وفاقی وزیر نے گزشتہ برس نومبر میں منائے گئے میری ٹائم ویک کے دوران بلیو اکانومی کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے حکومتی عزم کا بھی اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں: بلیو اکانومی میں اہم پیشرفت، پاکستان اور عراق کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کا معاہدہ
ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر پیش کیا گیا وزارت کا 5 نکاتی ایجنڈا اب عملی شکل اختیار کر رہا ہے، جس کی ایک واضح مثال فیری ٹرمینل کا افتتاح ہے۔
اس سے قبل استقبالیہ خطاب میں چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ فیری ٹرمینل کو مسافروں کی سہولت، حفاظت اور مؤثر آپریشنل صلاحیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے، جس میں تمام متعلقہ قومی اور سرکاری اسٹیک ہولڈرز کو شامل رکھا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی تا چاہ بہار فیری سروس شروع کرنے پر پیشرفت
انہوں نے بتایا کہ ٹرمینل جدید سہولیات سے آراستہ ہے جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں جبکہ فیری سروس مذہبی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
افتتاح کے بعد وفاقی وزیر برائے بحری امور، چیئرمین کے پی ٹی، وزارتِ بحری امور اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سینیئر حکام اور میڈیا نمائندوں نے فیری ٹرمینل اور میسرز سی کیپرز کے زیرِ انتظام فیری ایم وی سی اسٹرائیڈ کا دورہ بھی کیا۔

















