ایران میں احتجاجی مظاہرے جاری: امریکا اور اسرائیل فسادات کرا رہے ہیں، عوام دور رہیں، صدر مسعود پزشکیان

اتوار 11 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل اپنے ذاتی مفادات کے لیے ایران میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ایرانی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فسادیوں اور دہشتگردوں سے دور رہیں اور امن قائم رکھنے میں مدد کریں۔

مزید پڑھیں: ایران امریکا سے معاہدہ کرنے کے لیے ’بے تاب‘ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

صدر مسعود پزشکیان نے کہاکہ ایرانی عوام کو یقین ہونا چاہیے کہ حکومت انصاف قائم کرنے اور مسائل کے حل کے لیے سرگرم ہے، اور فسادیوں کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب ایرانی صدر کے حالیہ قوم سے خطاب کے نکات ایرانی سفارتخانے نے جاری کیے ہیں، جن میں بتایا گیا کہ حکومت عوامی مشکلات کم کرنے اور ملک میں استحکام قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

صدر نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ ملک میں امن کے لیے متحد ہوں اور فسادات کے خلاف کھڑے ہوں۔

انہوں نے امریکی صدر کو وینزویلا، غزہ اور دیگر مقامات پر کیے گئے اقدامات پر شرمندگی محسوس کرنے کا مشورہ دیا۔

صدر پزشکیان نے کہاکہ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ دوسروں کو نقصان نہ پہنچائے اور کوئی بھی بدامنی یا قتل و غارت گری نہ کرے، جبکہ حکومت بدعنوانی کی جڑوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں احتجاجی مظاہرے 14 روز سے جاری ہیں اور ایرانی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں 192 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے امکان پر سنجیدہ غور شروع کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دیا جائےگا، ایران کا ٹرمپ کی دھمکی پر سخت ردعمل

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کو فوجی آپشنز پر بریفنگ دی جا چکی ہے، تاہم حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا، جبکہ خطے میں کشیدگی کے پیشِ نظر اسرائیل نے بھی سیکیورٹی الرٹ کر دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp