اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 کے علاقے میں پیش آنے والے دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے,ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ دھماکہ بظاہر گیس لیکیج کے باعث ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں گیس لیکج دھماکا، دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق 11 زخمی
میڈیا رپورٹس کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلنڈر دھماکے میں 3 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 2 کو جزوی نقصان پہنچا۔ واقعے میں 8 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے۔ ہلاکتیں جھلسنے اور زخمی افراد کے ملبے تلے دب جانے کی وجہ سے ہوئیں۔ جائے وقوعہ سے گیس پائپ لائن اور کنکشنز کے سیمپل بھی اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
حادثہ ایک شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا۔ جاں بحق افراد میں دلہا اور دلہن بھی شامل ہیں، مجموعی طور پر ملبے سے 19 افراد کو نکالا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نمل اسلام آباد میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، نائب قاصد سمیت 3 افراد زخمی
دھماکے کا وقت صبح 7 بج کر 19 منٹ تھا، جبکہ ریسکیو ٹیمیں 7 بج کر 37 منٹ پر موقع پر پہنچ سکیں۔ گلی کی تنگی کی وجہ سے مشینری کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔ ابتدائی ریسکیو کارروائی علاقے کے مکینوں نے کی، بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے آپریشن مکمل کیا۔














