کوئٹہ میں نسوار کی قیمت میں اچانک ہوشربا اضافہ، وجوہات کیا ہیں؟

بدھ 14 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اشیائے خور و نوش اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں تو آپ نے اکثر سنا ہوگا، تاہم بلوچستان میں نسوار کے صارفین کے لیے ایک بری خبر اس وقت سامنے آئی جب نسوار کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں نسوار کی فی کلو قیمت میں اچانک 150 روپے تک اضافہ ہو گیا ہے، جس پر صارفین اور دکانداروں دونوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے نسوار فروخت کرنے والے تاجر نجیب اللہ نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران نسوار کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کے مطابق فی کلو نسوار کی قیمت میں تقریباً 150 روپے اضافہ ہوا ہے، جبکہ 80 کلو وزنی نسوار کی بوری جو پہلے 34 سے 35 ہزار روپے میں دستیاب تھی، اب اس کی قیمت بڑھ کر 42 سے 43 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اس اچانک اضافے کی سب سے بڑی وجہ پاک افغان سرحد کی بار بار بندشیں ہیں، کیونکہ بڑی مقدار میں نسوار افغانستان سے بلوچستان درآمد کی جاتی ہے۔

نجیب اللہ کے مطابق بلوچستان میں نسوار کی 2 اقسام سب سے زیادہ استعمال ہوتی ہیں، جن میں کالی نسوار اور سبز نسوار شامل ہیں۔ کالی نسوار پنجاب سے بلوچستان لائی جاتی ہے، جبکہ سبز نسوار افغانستان سے آتی ہے۔ بلوچستان میں سبز نسوار کا استعمال نسبتاً زیادہ ہے، اسی لیے سرحدی بندشوں کا اثر براہِ راست اس کی قیمتوں پر پڑا ہے۔

نسوار کے ایک صارف عبدالواحد نے بتایا کہ مہنگائی پہلے ہی عوام کی کمر توڑ چکی ہے اور اب نسوار جیسی عام استعمال کی چیز بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ استعمال کرنے والوں کے لیے یہ اضافہ کسی اضافی بوجھ سے کم نہیں اور حکومت کو چاہیے کہ سرحدی تجارت میں آسانی پیدا کرے تاکہ قیمتوں میں استحکام آئے۔

اگر نسوار بنانے کے عمل پر نظر ڈالی جائے تو یہ عموماً تمباکو کے پتے، چونا اور راکھ ملا کر تیار کی جاتی ہے۔ بعض جگہوں پر اس میں خوشبو یا ذائقے کے لیے دیگر اجزاء بھی شامل کیے جاتے ہیں۔

یہ اجزاء پیس کر مخصوص طریقے سے تیار کیے جاتے ہیں، جس کے بعد نسوار استعمال کے لیے تیار ہو جاتی ہے۔ زیادہ تر نسوار گھریلو یا نیم صنعتی سطح پر بنائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے اس کے معیار میں بھی فرق پایا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق نسوار کے استعمال کے سنگین جسمانی نقصانات ہیں۔ نسوار میں موجود نکوٹین منہ، دانتوں اور مسوڑھوں کو شدید نقصان پہنچاتی ہے اور منہ کے کینسر کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔ اس کے علاوہ دل کی بیماریوں، بلڈ پریشر اور معدے کے مسائل کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ لوگ اسے سگریٹ کا متبادل سمجھتے ہیں، لیکن نسوار صحت کے لیے اتنی ہی خطرناک ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

قطر اور مراکش سمیت 6 عرب فٹبال فیڈریشنز کی فیفا صدر انفانٹینو کی حمایت

دلچسپی و لگن سے عاری نوجوان کرکٹرز کی توجہ کھیل سے زیادہ پیسہ کمانے پر ہے، اقبال قاسم

حکومت سازی کی تیاریاں، آزاد کشمیر کا اگلا وزیراعظم کون ہوگا؟

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی تیاریاں، نواز شریف نے پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا

وائٹ ہاؤس کی تاریخ کی کم عمر ترین ترجمان کیرولین لیویٹ کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان، وجہ کیا بتائی؟

ویڈیو

حکومت سازی کی تیاریاں، آزاد کشمیر کا اگلا وزیراعظم کون ہوگا؟

ایران امریکا جنگ میں پاکستان کے ثالثی کردار کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، نارویجن وزیرِ خارجہ کی اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس

آزاد کشمیر کے عوام نے عوامی ایکشن کمیٹی کو مسترد کر دیا، تشدد کسی صورت برداشت نہیں ہوگا،  ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس

کالم / تجزیہ

انڈین خارجہ پالیسی کی ارتھی

ہمیں کاکروچ نہیں، خرگوش چاہییں

13 برس بعد معلوم ہوا