قطر اور مراکش سمیت 6 عرب فٹبال فیڈریشنز کی فیفا صدر انفانٹینو کی حمایت

جمعرات 13 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کو اپنے عہدے کی دوسری مدت کے حصول کی کوششوں کے دوران قطر اور سنہ 2030 ورلڈ کپ کے شریک میزبان مراکش سمیت 6 عرب فٹبال فیڈریشنز کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’انفینٹینو کو ہٹانا بڑی غلطی ہوگی‘، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کو خبردار کردیا

یہ حمایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فیفا کو ایک ناکام نجی سرمایہ کاری منصوبے کے باعث شدید بحران کا سامنا ہے اور 3 اہم علاقائی کنفیڈریشنز، یورپی فٹبال ایسوسی ایشنز کی یونین (یوئیفا)، ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) اور کونکاکاف نے انفانٹینو کے طرزِ عمل پر سخت اعتراضات اٹھاتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

4.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ

انفانٹینو نے فیفا کے مقابلوں جن میں ورلڈ کپ بھی شامل ہے کے لیے نجی سرمایہ کاری حاصل کرنے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔

اس منصوبے کے تحت ورلڈ کپ سمیت مختلف مقابلوں کی نگرانی کرنے والے ایک نئے ادارے میں تقریباً 20 فیصد حصص نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرکے 4.2 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا۔

تاہم مختلف اسٹیک ہولڈرز کی شدید مخالفت کے بعد یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرنے سے پہلے ہی واپس لے لیا گیا۔

اس صورتحال کے باوجود قطر، مراکش، مصر، لبنان، سوڈان اور موریطانیہ کی فٹبال فیڈریشنز کے سربراہان نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے جیانی انفانٹینو کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیے: جیانی انفینٹینو کے خلاف مہم میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، فیفا

بیان میں کہا گیا کہ عرب فٹبال دنیا بھر میں لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور مختلف فٹبال ایسوسی ایشنز کے درمیان تعاون مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اس لیے 6 فیڈریشنز انفانٹینو کی قیادت اور دنیا بھر میں فٹبال کی ترقی کے لیے ان کے عزم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہیں۔

کون کون سے ممالک شامل ہیں؟

مشترکہ بیان پر قطر فٹبال فیڈریشن کے سربراہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی، مصر فٹبال فیڈریشن کے صدر ہانی ابو ریدہ کے علاوہ لبنان، مراکش، سوڈان اور موریطانیہ کی فٹبال فیڈریشنز کے سربراہان نے دستخط کیے۔

ان 6 میں سے 4 شخصیات فیفا کونسل کے ارکان بھی ہیں۔ ان میں شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی، ہانی ابو ریدہ، مراکش کے فوزی لقجع اور موریطانیہ کے فٹبال سربراہ احمد یحییٰ شامل ہیں۔

عرب فیڈریشنز نے اپنے بیان میں انفانٹینو کی جانب سے دنیا بھر میں فٹبال کو فروغ دینے، تمام خطوں میں مواقع بڑھانے اور کھیل کو مختلف معاشروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ وہ فٹبال کے مستقبل کو مزید مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے انفانٹینو کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں اور عالمی فٹبال میں عرب فٹبال کے کردار کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔

انفانٹینو کو مخالفت کا سامنا

جیانی انفانٹینو اگلے سال فیفا کے صدر کی حیثیت سے ایک اور مدت کے لیے انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں تاہم ان کی قیادت کو اس وقت سخت مخالفت کا سامنا ہے۔

یوئیفا، اے ایف سی اور کونکاکاف کی جانب سے ان کے نجی سرمایہ کاری منصوبے پر اعتراضات کے بعد فیفا کے اندر قیادت اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اختلافات نمایاں ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: مراکش کو 2030 ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کی مبینہ پیشکش، فیفا صدر جیانی انفینٹینو پر تنقید

دلچسپ بات یہ ہے کہ حمایت کرنے والی بعض عرب فیڈریشنز اے ایف سی کی رکن بھی ہیں جبکہ ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے انفانٹینو کے نجی سرمایہ کاری منصوبے کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اس معاملے پر یوئیفا کے سخت مؤقف سے ممکنہ طور پر ہم آہنگ دکھائی دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp