تھائی لینڈ میں چین کے تعاون سے جاری ہائی اسپیڈ ریل منصوبے کے دوران ایک کرین گرنے سے مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ بدھ کے روز تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک سے اوبن راتھانی جانے والی مسافر ٹرین کے ساتھ پیش آیا، جب ناکھون راتھچاسیما صوبے میں زیر تعمیر ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر کام کے دوران کرین ٹرین پر آ گری۔ کرین گرنے کے بعد ٹرین پٹڑی سے اتر گئی اور کچھ حصوں میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست اڑیسہ میں خوفناک ٹرین حادثہ، 300 افراد ہلاک، 900 زخمی
ریسکیو حکام کے مطابق ٹرین میں 195 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے ملبے میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کیا۔ متعدد زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
At least 22 people were killed and 55 others injured after a passenger train collided with a collapsed construction crane in northeastern Thailand's Nakhon Ratchasima province on Wednesday, local media reported. (social media footage) pic.twitter.com/l5s9eWLYrn
— China Xinhua News (@XHNews) January 14, 2026
عینی شاہدین کے مطابق ایک زور دار آواز کے بعد دو دھماکوں کی آواز سنائی دی، جس کے بعد دیکھا گیا کہ کرین ٹرین کے درمیانی ڈبے پر آ گری اور اسے شدید نقصان پہنچا۔ تصاویر اور ویڈیوز میں الٹی ہوئی بوگیاں، دھواں اور آگ بجھاتے فائر فائٹرز دیکھے جا سکتے ہیں۔
حادثہ ایک 5.4 ارب ڈالر مالیت کے منصوبے پر کام کے دوران پیش آیا، جس کا مقصد بینکاک کو لاؤس کے راستے چین کے شہر کنمنگ سے جوڑنا ہے۔ اس منصوبے کے مکمل ہونے پر 600 کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ ریلوے لائن پر ٹرینیں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: مسافر اور کارگو ٹرینوں کا خوفناک تصادم، 11 افراد جاں بحق، 20 زخمی
حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، جبکہ تعمیراتی کمپنی نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہلخانہ کو معاوضہ اور امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تھائی لینڈ میں حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کی کمزوری کے باعث اس نوعیت کے صنعتی اور تعمیراتی حادثات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔














