یوٹیوب نے کم عمر صارفین کے لیے پابندی سخت کردی، والدین شارٹس دیکھنے کے دورانیے پر حد مقرر کرسکیں گے

جمعرات 15 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوٹیوب نے کم عمر صارفین کے لیے پلیٹ فارم کے استعمال کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے والدین کے کنٹرولز میں مزید توسیع کر دی ہے، جس کے تحت اب والدین یوٹیوب شارٹس دیکھنے کے دورانیے پر بھی حد مقرر کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وہ یوٹیوب ویڈیو جو آپ نے آج دیکھنی شروع کی تو ختم 140 سال بعد ہوگی، آخر ماجرا کیا ہے؟

گوگل کی ملکیت ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کے مطابق والدین اب یہ طے کر سکتے ہیں کہ ان کے نوعمر بچے یوٹیوب شارٹس پر کتنا وقت گزار سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 15 منٹ، 30 منٹ، 45 منٹ، ایک گھنٹہ اور 2 گھنٹے کے مختلف آپشنز دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ والدین شارٹس فیڈ کو مکمل طور پر بند کرنے کا اختیار بھی حاصل کر سکیں گے، جس کے تحت ایک دن کے لیے شارٹس دیکھنے کی سہولت ختم کی جا سکتی ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے جاری اپ ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ وقت کی حد کے ساتھ ساتھ مواد سے متعلق رہنما اصول بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ عمر کے لحاظ سے موزوں اور تعلیمی مواد کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کے تحت نوعمر صارفین کو خان اکیڈمی کڈز، کریش کورس کڈز اور ٹیڈ ایڈ جیسے تعلیمی اور معلوماتی چینلز کی ویڈیوز تجویز کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام نے بالغ مواد کو محدود کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا

کمپنی کے مطابق یہ اقدامات یوتھ ایڈوائزری بورڈ کی مشاورت سے، یو سی ایل اے کے سینٹر فار اسکالرز اینڈ اسٹوری ٹیلرز کے تعاون سے تیار کیے گئے ہیں، جن میں امریکن سائیکالوجیکل ایسوسی ایشن اور بوسٹن چلڈرنز اسپتال جیسے عالمی اداروں کی آرا بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ یوٹیوب نے اکاؤنٹ بنانے کے عمل کو بھی اپ ڈیٹ کر دیا ہے، جس کے ذریعے والدین اب آسانی سے اپنے بچوں کے اکاؤنٹس بنا سکیں گے۔ نئے نظام کے تحت 18 سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹس خودکار طور پر محفوظ سیٹنگز کے ساتھ بنائے جائیں گے، جبکہ موبائل ایپ میں چند کلکس کے ذریعے اکاؤنٹس تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب کا نیا اے آئی ایج ایسٹیمیشن ماڈل لانچنگ کے قریب، کم عمر صارفین پر سخت پابندیاں

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ ان نئے فیچرز کا مقصد والدین کو زیادہ کنٹرول دینا اور نوعمر صارفین کے لیے ایک محفوظ اور تعمیری ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp