آئرلینڈ میں ایک انوکھا حادثہ اس وقت پیش آیا، جب زندہ کیکڑوں سے بھرا ایک ٹرک سڑک کنارے کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں تقریباً 15 ہزار زندہ کیکڑے سڑک اور قریبی کھیتوں میں پھیل گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کیکڑے ’ایکو سسٹم انجینیئرز‘ کیوں کہلاتے ہیں؟
غیر ملکی میڈیا کے مطابق میک لافلن ٹرانسپورٹ کا یہ ٹرک آئرلینڈ کے علاقے انشووین سے پکڑے گئے کیکڑے پرتگال کے ریسٹورنٹس اور اسٹورز تک لے جارہا تھا۔ حادثہ کاؤنٹی ڈونیگل کے علاقے کیریک میکویگلی، ریڈکاسل کے قریب آر 238 روڈ پر پیش آیا۔
حادثے میں ڈرائیور محفوظ رہا، تاہم ایلومینیم کنٹینرز ٹوٹنے سے تقریباً 15 ہزار کیکڑے باہر نکل آئے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 70 ہزار ڈالر بتائی جارہی ہے۔
حادثے کے بعد برن فوٹ سے تعلق رکھنے والی میک لافلن لائٹ اینڈ ہیوی ریکوری سروسز کی ٹیم کو طلب کیا گیا تاکہ ٹرک کو سیدھا کیا جاسکے اور بکھرے ہوئے کیکڑوں کو اکٹھا کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹریکٹر ٹرالر سے لاکھوں سکے چوری کرنے والے ملزمان کے ساتھ اب کیا ہوگا؟
کمپنی کے مالک اوڈھران میک لافلن نے بتایا کہ منظر انتہائی غیر معمولی تھا، کیکڑے کنٹینرز سے نکل کر کھیتوں کی طرف جانے کی کوشش کررہے تھے۔
ان کے مطابق تقریباً 10 افراد پر مشتمل ٹیم نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد کیکڑوں کو ہاتھوں سے پکڑ کر بڑے تھیلوں میں ڈالا اور دوبارہ ٹرک میں لادا۔
ٹرک اور ٹریلر کو سیدھا کرنے کے لیے کرین بھی استعمال کی گئی، جبکہ ریکوری آپریشن مجموعی طور پر 18 گھنٹے تک جاری رہا۔ میک لافلن کے مطابق اس دوران تقریباً 95 فیصد کیکڑوں کو کامیابی سے بازیاب کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حیاتیاتی تنوع کا فروغ، سعودی عرب میں 35 نایاب جانوروں کی واپسی
واقعے نے مقامی افراد اور ریسکیو عملے کو حیران کر دیا اور یہ حادثہ طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔














