انڈر 19 ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 211 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 46.3 اوورز میں صرف 174 رنز پر آوٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز میں کپتان فرحان یوسف نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے، تاہم ان کی محنت رائیگاں گئی۔ مومن قمر 19 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ حذیفہ احسان 17، عبدالسبحان 14، سمیر منہاس 10، محمد شایان 7 اور عثمان خان 6 رنز بنا سکے۔
مزید پڑھیں: انڈر 19 سہ ملکی سیریز فائنل، پاکستان نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا
انگلینڈ کی جانب سے ایلکس گرین، جیمز مینٹو اور رالفی البرٹ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 211 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان کی شاندار بولنگ کے باوجود انگلش بیٹرز مقررہ اوورز میں اپنی اننگز مکمل نہ کر سکے اور پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 210 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے فیلکونر نے سب سے زیادہ 66 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 3 جبکہ علی رضا، عبدالسبحان اور مومن قمر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ کے ہیرو سمیر منہاس کو بڑی خوشخبری سنادی
اس سے قبل گروپ اے میں بھارت نے امریکا کو 6 وکٹ سے شکست دی تھی، جبکہ گروپ بی میں ویسٹ انڈیز نے تنزانیہ کو 5 وکٹ سے ہرایا۔ علاوہ ازیں میزبان زمبابوے اور اسکاٹ لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
تیسری بار ٹائٹل جیتنے کا ہدف
پاکستان اس سے قبل 2004 اور 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکا ہے اور اب تیسری بار ٹرافی اٹھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ 16 ٹیموں پر مشتمل یہ میگا ایونٹ 15 جنوری سے 6 فروری تک نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان کو گروپ سی میں انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور میزبان زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
گروپ میچز کا شیڈول
پاکستان آج کے میچ کے بعد 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ 22 جنوری کو زمبابوے کے خلاف، میدان میں اترے گا۔ پاکستان کے تمام گروپ میچز تاکاشنگا اسپورٹس کلب، ہرارے میں ہوں گے۔
سپر سکس، سیمی فائنلز اور فائنل
گروپ مرحلے کے بعد
سپر سکس مرحلہ: 24 جنوری سے 1 فروری (بلاوایو اور ہرارے)
سیمی فائنلز: 3 اور 4 فروری
فائنل: 6 فروری، ہرارے اسپورٹس کلب
میں کھیلا جائے گا۔
کپتان کا اعتماد، تیاریوں پر اطمینان
قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے ملتان میں ہونے والے 6 ماہ طویل تربیتی کیمپ کو ٹیم کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کیمپ سے کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے ’اب شاہینوں کی نظریں ورلڈ کپ پر ہیں‘، محسن نقوی کی سہ ملکی سیریز جیتنے پر انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو مبارکباد
انہوں نے زمبابوے میں وارم اپ میچز کو بھی اہم تجربہ قرار دیا، جن میں امریکا کے خلاف 69 رنز کی فتح شامل ہے، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوا۔
پاکستان کا انڈر 19 ورلڈ کپ اسکواڈ
پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی یہ ہیں:
فرحان یوسف (کپتان)،
عثمان خان (نائب کپتان)،
عبدال سبحان، احمد حسین،
علی حسن بلوچ، علی رضا،
دانیال علی خان، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)،
حذیفہ احسن، مومن قمر،
محمد سیام، محمد شایان (وکٹ کیپر)،
نقیب شفیق، سمیر منہاس، عمر زیب
علی رضا واحد کھلاڑی ہیں جنہیں ورلڈ کپ کھیلنے کا سابقہ تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے 2024 کے ایڈیشن میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، جہاں پاکستان سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے معمولی فرق سے ہار گیا تھا۔
حالیہ شاندار فتوحات اور بھرپور تیاری کے ساتھ پاکستان کی نظریں انگلینڈ کے خلاف فتح کے ساتھ انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کا آغاز کرنے پر مرکوز ہیں۔









