28ویں ترمیم میں لوکل گورنمنٹ کو بااختیار بنانے کی تجویز تھی، مگر اتفاق ہونے کے باوجود اس سے پیچھے ہٹنا پڑا، خواجہ آصف

منگل 20 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 28ویں ترمیم میں لوکل گورنمنٹ کو بااختیار بنانے کی تجویز تھی، مگر اتفاق ہونے کے باوجود اس سے پیچھے ہٹنا پڑا۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ 18ویں ترمیم ایک ڈھکوسلہ ثابت ہوئی کیونکہ اس کے نتیجے میں زیادہ تر اختیارات صوبائی دارالحکومت میں جمع ہو گئے ہیں۔ کراچی میں جو واقعات ہو رہے ہیں،  وہ اس بات کے متقاضی ہیں کہ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں ایک موثر نظام ہونا چاہیے جس کے ذریعے اختیارات صوبائی دارالحکومتوں سے ضلع، تحصیل اور وارڈ کی سطح پر منتقل ہوں۔

خواجہ آصف کے مطابق نہ تو کہیں مؤثر لوکل گورنمنٹ ہے، اور جہاں ہے وہاں بھی اختیارات نہیں ہیں۔ پاکستانی عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کے لیے ملک میں ایک مضبوط اور مؤثر لوکل گورنمنٹ سسٹم لانا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد کا نیا بلدیاتی نظام، ایک شہر، 3 میئر، کوئی فائدہ ہو گا؟

’جب تک آپ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کو بااختیار نہیں بنائیں گے تب تک یہ ہاؤس بے معنی ہوگا۔  اگر ہم نے واقعی پاکستان کے عوام کی نمائندگی کرنی ہے تو پہلے عوام کو گلی محلے میں نمائندگی دیں۔ جب تک گلی محلے والوں کی نمائندگی نہیں ہوگی تو وہاں کوئی فائربریگیڈ نہیں ہوگا۔ پھر وزارت دفاع کا فائر بریگیڈ آ کر آگ بجھائے گا۔‘

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ 28ویں ترمیم میں لوکل گورنمنٹ کو بااختیار بنانے اور اس کے مؤثر نظام کے قیام کی تجویز دی گئی تھی، اور اس پر اتفاق رائے بھی موجود تھا۔ تاہم حکومت کو اس سے پیچھے ہٹنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ پاکستان میں جب بھی فوجی ڈکٹیٹرز آئے تو انہوں نے بااختیار لوکل گورنمنٹ سسٹم متعارف کرایا۔ جنرل ایوب خان، جنرل ضیا الحق اور جنرل مشرف تینوں نے یہ نظام متعارف کرایا۔ ہر 5 سال بعد باقاعدگی سے انتخابات ہوتے رہے۔ ہم لوگ الیکشن ہی نہیں کرواتے۔  اگر شیڈول آ جائے تو ہمارے صوبائی  دارالحکومت کسی نہ کسی حیلے بہانے سے اختیارات نیچے منتقل کرنے سے ہچکچاتے رہتے ہیں۔ بلکہ ایڑی چوٹی کا زور لگاتے ہیں کہ یہ پاور گراس روٹ لیول پر نہ جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ لوکل گورنمنٹ سے اوپر آئے اور ملک کے صدر بنے۔ ایک پراسیس سے گزر کر چینی قیادت سامنے آئی۔ وہ پیرا شوٹ کے ذریعے نہیں اتری۔

یہ بھی پڑھیے پائیدار اور بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے قومی ڈائیلاگ ضروری، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

انہوں نے کہا کہ کراچی میں آگ بجھانے میں ناکامی اس بات کا ثبوت ہے کہ اس ملک کو ایک ایسے سسٹم کی ضرورت ہے  تمام ضلعوں، تحصیلوں، محلوں میں لوکل گورنمنٹ کا نمائندہ ہو اور لوگوں کو شکایت ہو تو وہ اس کے گریبان پر ہاتھ ڈال سکیں۔ اس طرح لوگوں کے مسائل حل ہوں گے، لوگ بااختیار ہوں گے۔ انہیں حقوق ملیں گے۔ کراچی کا واقعہ خطرے کی گھنٹی ہے۔ ہمیں کچھ ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ بامعنی آئینی ترمیم منظور کرکے پوری قوم کو بااختیار کرنے کے لیے لوکل گورنمنٹ سسٹم  متعارف کرائیں۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ گوادر سے گلگت تک یکساں نصاب تعلیم ہو، تاکہ ہماری نئی نسل پاکستانیت کے ساتھ ساتھ اپنی صوبائیت کو بھی پہچانے۔ اس  میں کوئی مفادات کا تصادم نہیں تھا۔ نصاب تعلیم ایک قومی شناخت دیتا ہے۔ لیکن اسے بھی ہمیں ڈراپ کرنا پڑا۔ کیونکہ اس پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بلوچستان: منگلہ زرغون غر میں آپریشن کے دوران 35 سے زیادہ دہشتگرد ہلاک، 3 کمانڈرز گرفتار

ایران کے لیے وقت تیزی سے ختم ہورہا ہے، اسے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، ڈونلڈ ٹرمپ کی تہران کو وارننگ

اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے کوششیں جاری ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کے درمیان رابطہ، علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال

سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائےگی

ویڈیو

چین سے امریکا اور ایران تک، دنیا کا پاکستان پر اعتماد، اسلام آباد کے شہریوں کی حکومت اور پاک فوج کو خراجِ تحسین

معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے مین اسٹریم سوشل آرگنائزیشن مشن امریکا کی کوششیں

حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات جاری، آئندہ مالی سال کا بجٹ کیسا تیار ہونے جا رہا ہے؟

کالم / تجزیہ

قدم قدم سوئے حرم

میڈیا اور پروپیگنڈا

جب محافظ ہی زہر فروشوں کے نگہبان بن جائیں