وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کی پہلی گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی کا معائنہ کیا اور اسے خود ڈرائیو بھی کیا۔ وزیراعلیٰ کو الیکٹرک وہیکل اور گرین پولیسنگ یونٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں:لاہور: پتنگ کی ڈور گلے میں پھرنے سے نوجوان زخمی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا نوٹس
بریفنگ کے مطابق، لاہور میں جدید ترین بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑی سے ٹریفک کی نگرانی کی جائے گی، جس کی رینج فی چارج 410 کلومیٹر ہے اور یہ 30 سے 80 فیصد چارج قریباً 30 منٹ میں ہو جاتی ہے۔ الیکٹرک گاڑی میں جدید سرویلنس پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور سپیڈ ڈیٹیکشن آلات نصب ہیں۔
روایتی پٹرولنگ گاڑیوں پر ماہانہ قریباً 28,000 لیٹر ایندھن اور 7.42 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں سے سالانہ فی گاڑی قریباً 4,500 لیٹر ایندھن کی بچت ممکن ہوگی۔ اس کے علاوہ آپریشنل اخراجات میں کمی اور زیرو کاربن اخراج بھی ممکن ہوگا۔
مزید پڑھیں:پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف غیر منقولہ قانون کی معطلی پر مریم نواز شریف کا ردعمل
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت دی کہ الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے اور گرین پولیسنگ یونٹ کو مرحلہ وار دیگر اضلاع میں متعارف کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گرین پولیسنگ صاف ستھری فضا اور گڈگورننس کے وژن کا عکاس ہے اور عوام کی حفاظت اور ماحول کے تحفظ کے لیے اہم قدم ہے۔













