کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے بلوچستان پولیس کے بہادر اسپوتوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے، نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور آئی جی پولیس بلوچستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے حملے ناکام بنا دیے، 108 ہلاک، 10 جوان شہید
شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ یہ بہادر اسپوت ہمارے ماتھے کا جھومر اور قوم کا فخر ہیں، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہدا کے ورثاء سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دہشتگرد عناصر کبھی ریاست اور عوام کے عزم کے سامنے کامیاب نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کوئٹہ پہنچ گئے، وزیراعلیٰ کے ہمراہ شہدا کے لواحقین سے ملاقات
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں سے ملک اور صوبے میں امن و امان کے قیام کا عزم مزید مضبوط ہوا ہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ 2 روز کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 108 دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے، اس دوران دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے 10 بہادر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہوئے ہیں۔













