چوتھی پاکستان کلائمیٹ کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو ماحولیاتی دہشتگردی کے خلاف بھی جہاد کرنا ہوگا، کیونکہ موسمیاتی تبدیلیاں ملک کے لیے ایک سنگین قومی سلامتی کا مسئلہ بن چکی ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 4 بڑے سیلابوں کے نتیجے میں 19 ہزار افراد مستقل معذوری کا شکار ہوچکے ہیں، جبکہ یہ نقصان معاشی اور اقتصادی خسارے کے علاوہ ہے۔
مصدق ملک کے مطابق ان سیلابوں کے باعث 4 کروڑ افراد بے گھر ہوئے، جن میں سے 50 فیصد اسکول جانے کی عمر کے بچے ہیں، جو تعلیم اور مستقبل دونوں کے لیے خطرناک صورتحال ہے۔
کراچی: چوتھی پاکستان کلائیمیٹ کا نفرنس 2026 سے مصدق ملک کا خطاب
ہمیں ماحولیاتی دہشت گردی کیخلاف بھی جہاد کرنا ہوگا۔ پچھلے 4 سیلابوں میں 19 ہزار لوگ معذور ہو چکے ہیں، یہ نقصان اقتصادی یا معاشی نقصان کے علاوہ ہے، مصدق ملک@DrMusadikMalik @Team_Musadik @AmirSaeedAbbasi @KulAalam pic.twitter.com/4FBDDnAojN— Media Talk (@mediatalk922) February 10, 2026
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک بڑے سیلاب سے ایک پوری نسل غربت کے دلدل میں دھکیل دی جاتی ہے، جس کے اثرات دہائیوں تک رہتے ہیں۔
انہوں نے عالمی سطح پر عدم مساوات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 10 بڑے ممالک 70 سے 75 فیصد کاربن کا اخراج کر رہے ہیں، جبکہ یہی ممالک دنیا کی 80 فیصد گرین فنانسنگ بھی حاصل کر رہے ہیں۔
مصدق ملک نے زور دیا کہ موسمیاتی انصاف کے بغیر عالمی ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنانا ممکن نہیں، اور ترقی پذیر ممالک کو اس بحران کی قیمت نہیں چکانی چاہیے جو انہوں نے پیدا نہیں کیا۔













