بنگلہ دیش کے عبوری رہنما محمد یونس نے ڈھاکہ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد آج کے انتخابی دن کو ’پورے بنگلہ دیش کے لیے ایک عظیم دن‘ قرار دیا ہے۔
ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد یونس نے کہا کہ آج کا انتخاب ملک میں ایک تاریخی تبدیلی کی شروعات ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سے ہمیں ہر قدم پر ایک نیا بنگلہ دیش تعمیر کرنے کا موقع ملا ہے۔
ریفرنڈم کو غیر معمولی اہمیت قرار
یونس نے اس بات پر زور دیا کہ امیدواروں کو ووٹ دینا یقیناً اہم ہے، تاہم ریفرنڈم کو انہوں نے ’خصوصی طور پر اہم‘ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے نتائج ملک کی سمت بدل سکتے ہیں اور یہ قومی مستقبل کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
’خوابوں کی تعبیر اور ڈراؤنے دور کا خاتمہ‘
جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے محمد یونس نے کہا کہ یہ میری زندگی کا ایک عظیم دن ہے اور پورے بنگلہ دیش کے لیے بھی ایک عظیم دن ہے، یہ آزادی کا دن ہے۔ یہ ہمارے ڈراؤنے خوابوں کے خاتمے اور ایک نئے باب کے آغاز کی علامت ہے۔
عبوری رہنما نے امید ظاہر کی کہ انتخابی عمل ملک میں استحکام، جمہوریت اور مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھے گا، اور بنگلہ دیش ایک نئے دور میں داخل ہوگا۔













