پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ تک عوامی آرا اور تجاویز براہ راست پہنچانے کے لیے خصوصی ڈیجیٹل پورٹل قائم کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں پہلا سرکاری آٹزم سینٹر قائم، خصوصی بچوں کے لیے عالمی معیار کی سہولتیں میسر: مریم نواز
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ’ٹاک ٹو سی ایم‘ کے نام سے اس منفرد پورٹل کا باضابطہ ڈیجیٹل آغاز کر دیا۔
براہ راست رابطے کا پلیٹ فارم
سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے اس موقع پر ’ٹاک ٹو سی ایم‘ پورٹل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پورٹل وزیراعلیٰ پنجاب تک براہ راست ابلاغ کا ایک جدید اور مؤثر ذریعہ ہے جس کے ذریعے نوجوان اپنے خیالات، تجاویز اور آرا پیش کر سکیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹل میں 20 سال اور اس سے زائد عمر کے نوجوانوں کے لیے الگ سیکشن اور انٹرفیس قائم کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی سہولت کے مطابق اپنی تجاویز جمع کرا سکیں۔
نوجوانوں کو پالیسی سازی میں شمولیت کا موقع
سینیئر وزیر کے مطابق صوبہ بھر سے نوجوان وزیراعلیٰ کے پروگرامز اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنے آئیڈیاز اور خیالات کا اظہار کر سکیں گے۔
مزید پڑھیے: مریم نواز نے شیخ زید اسپتال کوئٹہ میں بیگم کلثوم نواز کارڈیالوجی ونگ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
نوجوان اس پورٹل پر اپنا نام اور مختصر معلومات فراہم کر کے اپنی تجاویز اور فیڈ بیک بھی شیئر کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سال 2026 کو ’یوتھ کا سال‘ قرار دیا ہے اور یہ پورٹل اسی وژن کا حصہ ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کو حکومتی پالیسی سازی اور ترقیاتی عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
اپنی نوعیت کا پہلا اقدام
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’ٹاک ٹو سی ایم‘ پنجاب کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا پورٹل ہے جو نوجوانوں کو براہ راست وزیراعلیٰ پنجاب سے رابطے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: ’اپنی زمین، اپنا گھر‘ پورٹل پر درخواستوں کی وصولی بند، مفت پلاٹوں کی تقسیم اگلے مرحلے میں داخل
اس پورٹل کے ذریعے نوجوان نہ صرف وزیراعلیٰ کے جاری پروگرامز اور منصوبوں پر اپنی رائے دے سکیں گے بلکہ مستقبل کی پالیسیوں کے لیے بھی قابل عمل تجاویز پیش کر سکیں گے۔













