ایم 9 موٹروے حادثہ: اموات کی تعداد 14 ہوگئی، 12 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے نکلا

ہفتہ 14 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کاٹھور کے قریب موٹر وے ایم 9 پر ایک شدید ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ انصاری پل کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مسافر بس رانگ وے سے سڑک پر آ گئی اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

مزید پڑھیں: سوات موٹروے پر المناک حادثہ: ٹرک الٹنے سے 15 افراد جاں بحق، 8 زخمی

اس تصادم کے نتیجے میں دیگر کئی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں اور انہیں شدید نقصان پہنچا۔ ابتدائی طور پر 13 افراد موقع پر جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں شامل ایک بچہ دوران علاج دم توڑ گیا، جس کی شناخت 3 سالہ عمران کے نام سے ہوئی، جس کے بعد مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی۔ پانچ زخمی افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق 12 افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں لواحقین کے سپرد کی جائیں گی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد کوٹری سے کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک شادی کی تقریب میں شریک ہونے آئے تھے اور حادثہ واپسی کے دوران پیش آیا۔

پولیس کے مطابق حادثے کی اصل وجہ رانگ سائڈ سے آنے والی تیز رفتار بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم ہے۔

مزید پڑھیں: ہزارہ موٹروے پر خوفناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئی جی موٹرویز نے تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp