آزاد جموں و کشمیر کے محتسب نے 4 ممبران قانون ساز اسمبلی کی جانب سے خلاف ضابطہ حاصل کی گئی سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کے ذریعے گاڑیاں واپس لینے کا حکم دے دیا ہے۔
مزید پڑھیں: موجودہ حکومت کی کامیابی ہے کہ عوام کا ریاستی نظام پراعتماد بحال ہوا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر
آزاد جموں و کشمیر محتسب سیکریٹریٹ کی جانب سے آئی جی آزاد کشمیر کے نام جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ محتسب نے گاڑیوں کی ریکوری کے لیے محتسب ایکٹ 1992 (ایکٹ نمبر 14) کی دفعہ 9(1) کے تحت ازخود نوٹس لیا ہے۔
مراسلے کے مطابق نوٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ سرکاری گاڑیاں مختلف بااثر شخصیات کی غیر قانونی تحویل میں ہیں۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ممبر قانون ساز اسمبلی عاصم شریف بٹ فارچونر نمبر MDGA 038 اپنے قبضے میں رکھے ہوئے ہیں، جبکہ تقدیس گیلانی فارچونر نمبر MDDA 941 اور ٹویوٹا گرینڈی نمبر MDGD 555 استعمال کر رہی ہیں۔ اسی طرح ممبر اسمبلی جاوید بٹ فارچونر نمبر MDGC 555 اور محمد اکبر ابراہیم پراڈو نمبر MDGA 811 خلاف ضابطہ استعمال کر رہے ہیں۔
مراسلے کے مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ان گاڑیوں کی واپسی کے لیے نوٹس (عکسی انقول الف) بھی جاری کیے جا چکے ہیں، تاہم تاحال یہ گاڑیاں محکمہ سروسز (سنٹرل ٹرانسپورٹ پول) کو واپس نہیں کی گئیں۔
اس صورتحال پر محتسب آزاد جموں و کشمیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایکٹ 14 سال 1992 کی دفعہ 9(1) کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی ہے کہ مذکورہ گاڑیاں پولیس کے ذریعے متعلقین سے واپس لے کر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹرییشن ڈیپارٹمنٹ (سنٹرل ٹرانسپورٹ پول) میں جمع کرائی جائیں اور ایک یوم کے اندر تعمیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری کی زیرصدارت اہم اجلاس، آزاد کشمیر میں جیالا صدر لانے کا فیصلہ
یاد رہے کہ مذکورہ چاروں ممبران اسمبلی سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی کابینہ کا حصہ رہے ہیں۔
تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اور فیصل راٹھور کے دور کو 2 ماہ سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود سابق وزرا نے سرکاری گاڑیاں واپس نہیں کیں۔














