وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایئر کنڈیشنز میں بیٹھ کر احتجاج کرنے سے انقلاب نہیں آتے، پی ٹی آئی اس وقت ہمدردی کا کارڈ کھیل رہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کے میڈیکل چیک اپ کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور علامہ راجا ناصر عباس کو پمز میں بریفنگ دی گئی، جس کے بعد وہ مطمئن واپس لوٹے۔
مزید پڑھیں: محسن نقوی نے عمران خان کی رہائی کے لیے بہت کوشش کی، اب وہ ہمارے دھرنے سے رہا نہیں ہوں گے، علی امین گنڈاپور
انہوں نے کہاکہ ہر دفعہ ڈکٹیٹ کرکے اپنی مرضی نہیں کی جا سکتی، عمران خان کی صحت ٹھیک ہے، آنکھ بھی بہتر ہو رہی ہے پھر پارٹی کو کیا مسئلہ ہے۔
انہوں ںے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر بھی بدل دیے، اب آخری آپشن ہمدردی کا کارڈ کھیلا جا رہا ہے۔
طلال چوہدری نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عملدرآمد کیا جائےگا، ہم ان کی خواہش پر عملدرآمد کے پابند نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ لوگ اب پی ٹی آئی کے لیے نہیں نکلتے، اس وقت تحریک انصاف ایک سائیڈ پر جبکہ عمران خان کی بہنیں ایک طرف ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے نام سے اپوزیشن اتحاد نے پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دے رکھا ہے اور عمران خان تک رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: مطالبات کی منظوری تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا جاری رہے گا، اپوزیشن اتحاد کا اعلان
سابق اسپیکر اسد قیصر نے آج گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے دھرنا جاری رہے گا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر احتجاج جاری ہے، جس کے باعث اشیا کی ترسیل رک گئی ہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔














