پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر اور علی محمد خان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج اور ان کے ذاتی معالجین تک رسائی کی فراہمی پر زور دیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج ایک بار پھر ہم سپریم کورٹ کے سامنے کھڑے ہیں اور ہمارا مطالبہ واضح ہے کہ خان صاحب کو انصاف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق مرضی کا علاج کرایا جائے، اور فیملی کا مطالبہ ہے کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج ذاتی معالجین اور فیملی کی موجودگی میں ہو۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی وفد کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات، عمران خان کے مقدمات جلد مقرر کرنے کی درخواست
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ رات بانی پی ٹی آئی کو اسپتال لانے کا نہ انہیں نہ ہی فیملی کو بتایا گیا، اور اسپتال سے واپس لیجانے کے بعد آگاہ کیا گیا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے انہیں ہدایت کی کہ جلد سماعت کی درخواست دائر کی جائے، جس کے لیے وکیل لطیف کھوسہ درخواست دائر کریں گے۔
علی محمد خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ خان صاحب کو اپنے ذاتی ڈاکٹرز تک رسائی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات بانی کو رات کے اندھیرے میں اسپتال لایا اور واپس لے جایا گیا، جبکہ اگر اطلاع پہلے دی جاتی تو معاملہ ختم ہو جاتا۔
یہ بھی پڑھیے: مصطفیٰ نواز کھوکھر کا عمران خان کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ
علی محمد نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کے ذاتی معالجین نے کبھی سیاسی بات نہیں کی اور سوال یہ ہے کہ اگر حکومتی رپورٹ درست ہے تو اتنی پردہ داری کیوں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد صرف بانی کی صحت اور مناسب علاج کو یقینی بنانا ہے، اور ہم دعا گو ہیں کہ خان صاحب کی صحت جلد بہتر ہو۔












