سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور نے سوڈان میں خادم الحرمین الشریفین کے پروگرام برائے افطار کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جس کے تحت ماہِ رمضان المبارک میں ڈیڑھ لاکھ روزہ داروں کو افطار کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ اقدام ان پروگراموں کا حصہ ہے جو وزارت دنیا کے مختلف ممالک میں نافذ کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں رمضان: ثقافت، روحانیت اور یکجہتی کو سمجھنے کا بہترین موقع
افتتاحی تقریب میں سعودی سفارت خانے خرطوم میں مذہبی اتاشی عبداللہ بن عبداللطیف آل الشیخ کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جس میں سوڈان کے وزرا، علما، دینی شخصیات اور سرکاری وفلاحی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
مذہبی اتاشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پروگرام قیادت کے اس مستقل وژن کا تسلسل ہیں جو اسلام اور مسلمانوں کی خدمت اور امتِ مسلمہ کے درمیان اخوت وہمدردی کے فروغ پر مبنی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزارت یہ اقدامات منظم منصوبہ بندی کے تحت نافذ کر رہی ہے تاکہ امداد سوڈان کی مختلف ریاستوں میں مستحق افراد تک مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔
افطار کی ضیافتیں ریاست نہر النیل کے شہر شندی اور ریاست شمالی کردفان کے شہر الابیض میں منعقد کی جا رہی ہیں، جہاں آبادی کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوے زیادہ سے زیادہ مستفیدین تک رسائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب نے یمن کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 346.6 ملین ڈالر فراہم کردیے
سوڈانی وزرا، علما اور اسلامی شخصیات نے اس اقدام کو سراہتے ہوے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے مسلسل تعاون دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے، اور خادم الحرمین الشریفین کا یہ پروگرام رمضان کے بابرکت ماحول میں مسلمانوں کے ساتھ عملی یکجہتی کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ایسے اقدامات اسلامی یکجہتی، محبت اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، خصوصاً ایسے حالات میں جب ضرورت مند طبقات کی مدد کے لیے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہوں۔














