جاپان کی ایک نجی خلائی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ چھوٹا راکٹ تیسری بار لانچ کے دوران ناکام ہوگیا اور پرواز کے آغاز کے فوراً بعد مشن منسوخ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی اسپیس کرافٹ تباہ، جاپان چاند پر اترنے کو تیار
کمپنی اسپیس ون کا تیار کردہ کیروس راکٹ جمعرات کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 11:10 پر جاپان کے قصبے کوشی موتو، صوبہ واکایاما کے لانچ پیڈ سے فضا میں بھیجا گیا۔ راکٹ کے ذریعے 5 چھوٹے سیٹلائٹس خلا میں بھیجنے کا منصوبہ تھا۔
کمپنی کے مطابق پرواز کے دوران معلوم ہوا کہ راکٹ اپنا مشن مکمل نہیں کرسکے گا، جس کے بعد حفاظتی اقدام کے طور پر مشن کو روک دیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ناکامی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جاپانی کمپنی آئی اسپیس کا دوسرا چاند مشن بھی ناکام، ریزیلینس لینڈر چاند پر گر کر تباہ
یہ کیروس راکٹ کی تیسری لانچ کوشش تھی۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں پہلی لانچ کے فوراً بعد راکٹ پھٹ گیا تھا، جبکہ اسی سال دوسری کوشش میں راکٹ کو لانچ کے تقریباً 3 منٹ بعد روک دیا گیا تھا۔














