بھارت میں تربیتی پرواز کے دوران فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق 2 نشستوں والا لڑاکا طیارہ جمعرات کی رات ایک فضائی اڈے سے اڑان بھرنے کے بعد ریاست آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ میں گر کر تباہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا ایک اور تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
فضائیہ کے بیان کے مطابق حادثے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پائلٹوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
روسی ساختہ اس لڑاکا طیارے کو بھارت میں سرکاری دفاعی ادارے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کے تحت تیار کیا جاتا ہے اور بھارتی فضائیہ کے بیڑے میں اس وقت 260 سے زائد ایسے طیارے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جون 2024 اور جنوری 2023 میں بھارت میں لڑاکا طیاروں کے حادثات پیش آچکے ہیں۔














