پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر تحریک انصاف کی تنقید، حکومت نے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا، شیخ وقاص اکرم

ہفتہ 7 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی جنگی صورتحال کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایک ہی جھٹکے میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ کر کے پہلے سے مہنگائی کا شکار عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ، شہریوں کو لمبی لائنوں کا سامنا

اپنے بیان میں شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت بڑھا کر 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر کر دی ہے، حالانکہ اس اضافے کی کوئی واضح معاشی وجہ سامنے نہیں آتی۔ ان کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت کا بڑا حصہ ٹیکسوں اور لیویز پر مشتمل ہے اور شہری ہر لیٹر پیٹرول پر 100 روپے سے زائد ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کو بہانہ بنا کر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جبکہ ملک میں موجود تیل کے ذخائر پہلے سے خریدے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیتی۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: پیٹرول پمپس پر رش کے بعد ضلعی انتظامیہ کی شہریوں سے تحمل کی اپیل

پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ خاص طور پر کسانوں اور تنخواہ دار طبقے کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنے گا، کیونکہ گندم کی کٹائی کے موسم میں ڈیزل مہنگا ہونے سے زرعی اخراجات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکس کم کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp