پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2026 کے دوران میڈیا کوریج کے لیے ایکریڈیٹیشن کی باقاعدہ شرائط و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت صرف مستند صحافیوں اور ادارہ جاتی میڈیا نمائندوں کو میچز، ٹریننگ سیشنز اور پریس کانفرنسز تک رسائی دی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق میڈیا ایکریڈیٹیشن کا مقصد صحافیوں کو منظم اور محفوظ ماحول میں کام کی سہولت فراہم کرنا ہے، تاہم یہ سہولت صرف پرنٹ، فوٹو، ریڈیو، ٹی وی، نیوز ایجنسیوں اور آن لائن میڈیا کے فعال نمائندوں کے لیے مخصوص ہوگی۔ تصاویر یا مواد کی تجارتی فروخت میں ملوث افراد کو ایکریڈیٹیشن نہیں دی جائے گی، جب تک پی سی بی پیشگی اجازت نہ دے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی باضابطہ رونمائی، نام بھی رکھ دیا گیا
اعلامیے کے مطابق تمام منظور شدہ میڈیا نمائندوں کے لیے اسٹیڈیم یا آف سائٹ پریکٹس سیشنز میں داخلے کے وقت ایکریڈیٹیشن کارڈ پہننا لازمی ہوگا، بصورت دیگر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ کارڈ ذاتی اور ناقابلِ منتقلی ہوگا اور ہر وقت نمایاں طور پر آویزاں رکھنا ضروری ہوگا۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ میڈیا نمائندوں کو ملکی قوانین، سیکیورٹی ہدایات اور پی سی بی کی جاری کردہ پالیسیوں کی مکمل پابندی کرنا ہوگی۔ غیر پیشہ ورانہ رویے، بدانتظامی یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں ایکریڈیٹیشن فوری طور پر منسوخ کی جا سکتی ہے۔
ضابطہ اخلاق کے تحت میڈیا اہلکاروں کو کھلاڑیوں، آفیشلز اور دیگر افراد کے ساتھ پیشہ ورانہ اور باوقار رویہ اختیار کرنا ہوگا جبکہ نسل، مذہب، قومیت یا جنس کی بنیاد پر توہین آمیز یا امتیازی رویہ اختیار کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ نشے کی حالت یا غیر مناسب رویے کی صورت میں بھی میڈیا نمائندے کو اسٹیڈیم سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کس شہر میں کتنے میچز ہوں گے؟ پی ایس ایل 11 کے شیڈول کا اعلان
پی سی بی نے اینٹی کرپشن پالیسی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایکریڈیٹیشن کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات کو کسی بھی قسم کی سٹے بازی، جوا یا مالی فائدے کے لیے استعمال کرنا ممنوع ہوگا، جبکہ مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینا لازمی ہوگی۔
میچ ڈے پر غیر براڈکاسٹر ٹی وی چینلز کو ویڈیو ریکارڈنگ کی اجازت نہیں ہوگی اور اسٹیڈیم کے اندر کسی بھی قسم کی آڈیو ویژول فلم بندی پی سی بی کی پیشگی اجازت کے بغیر ممنوع قرار دی گئی ہے۔ البتہ نان میچ ڈیز پر ٹریننگ سیشنز اور پریس کانفرنسز کی محدود کوریج کی اجازت دی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق میڈیا ایکریڈیٹیشن کی منظوری درخواست جمع کرانے سے مشروط نہیں ہوگی بلکہ حتمی فیصلہ بورڈ کی صوابدید پر ہوگا، جبکہ ضرورت پڑنے پر صحافیوں سے اپنی اسائنمنٹ یا ادارہ جاتی وابستگی کا ثبوت بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 کا آفیشل لوگو جاری، منفرد کیا ہے؟
میڈیا ایکریڈیٹیشن کے معیار کے تحت بین الاقوامی و قومی نیوز ایجنسیوں، قومی اخبارات، کرکٹ ویب سائٹس، ریجنل میڈیا، نیوز چینلز، ریڈیو، فری لانسرز اور مخصوص تعداد میں یوٹیوبرز اور بلاگرز کو دستیاب جگہ کے مطابق رسائی دی جائے گی، جبکہ فوٹوگرافروں کے لیے کم از کم 400mm لینز کی شرط بھی مقرر کی گئی ہے۔
پی سی بی نے خبردار کیا ہے کہ شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں ایکریڈیٹیشن معطل یا منسوخ کی جا سکتی ہے اور ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔














