صدر مملکت آصف علی زرداری نے افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستانی شہری علاقوں پر ڈرون حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد افغان طالبان حکومت نے سرخ لکیر عبور کی ہے۔
مزید پڑھیں: افغان طالبان کا پاکستان کی کچھ چوکیوں پر قبضے کا دعویٰ من گھڑت ہے، وزارت اطلاعات
ایوان صدر سے جاری بیان میں صدر مملکت نے کہاکہ افغانستان میں دہشت اور طاقت کے زور پر قائم غیر قانونی حکومت مسلسل ان ذمہ داریوں سے مکر رہی ہے، جن کے تحت اسے دہشتگرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہاکہ طالبان اب اسلامی دنیا کی ایک بڑی عسکری طاقت کو بھی اشتعال دلانے کی جسارت کر رہے ہیں۔
صدر زرداری نے بتایا کہ افغان حکومت مذاکرات کی خواہش ظاہر کرتی ہے، لیکن شہریوں کو نشانہ بنا کر ایک سرخ لکیر عبور کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام طالبان کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان خلیج اور مغربی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کوئٹہ، کوہاٹ اور راولپنڈی میں ڈرون حملوں میں زخمی ہونے والے بچوں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
مزید پڑھیں: آپریشن غضب للحق کامیابی سے جاری، 663 افغان دہشتگرد ہلاک، 249 ٹھکانے تباہ
صدر نے واضح کیاکہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے ملک کی حفاظت اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر وقت مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔














